تلنگانہ کی خبریں

حیدرآباد :مہنگائ کا اثر فلیٹس کی قیمتوں میں زبردست اضافہ

فلیٹس55

ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے تعمیری اشیا کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ شعبہ پر منفی اثرات

تلنگانہ: (اردودنیا.اِن) حیدرآباد شہر میں فلیٹ کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہونے لگا ہے جس کے سبب رئیل اسٹیٹ شعبہ ایک مرتبہ پھر سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ دونوں شہر وں میں رہائشی فلیٹس کی قیمتوں میں اضافہ ہونے لگا ۔ کہا جا رہاہے کہ زیر تعمیر فلیٹس کی قیمتو ںمیں 15تا20 فیصد کا اضافہ ہورہا ہے ۔ سال گذشتہ کورونا لاک ڈاؤن کے دوران رئیل اسٹیٹ شعبہ منفی اثرات کا شکارہوا تھا اور اس میں اب کچھ بہتری پیدا ہونے لگی تھی کہ مہنگائی کے سبب شعبہ ایک اور منفی اثر کا شکار ہونے لگا ہے۔

فلیٹس کی قیمتو ںمیں اضافہ کے سلسلہ میں بلڈرس نے بتایا کہ 78 اقسام کے تعمیراتی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور اضافہ کے اثرات صارفین پر ہی مرتب ہوں گے کیونکہ قیمتو ں میں اضافہ کی صورت میں بلڈرس کی جانب سے نقصان برداشت کرکے فلیٹس فروخت نہیں کئے جاسکتے کیونکہ یہ کوئی معمولی نقصان نہیں ہے بلکہ 15 تا20 فیصد کا فرق مجموعی قیمت پر نظر آرہا ہے۔

فولاد کی قیمتوں میں 16تا20 روپئے فی کیلو کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور سیمنٹ کا تھیلہ جو کہ 220سے 250روپئے میں حاصل ہوا کرتا تھا وہ اب 320سے 350 روپئے میں آنے لگا ہے جو کہ مجموعی طور پر 100روپئے اضافہ ہوا ہے ۔ بلڈرس کے مطابق اینٹ ‘ریتی اور کنکریٹ کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے ۔ آئندہ دنوں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔

تعمیری اشیاء کی قیمتو ں میں اضافہ پر انکشاف ہوا ہے کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کے سبب تعمیری اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور کنسٹرکشن کی قیمت مجموعی اعتبار سے 20 فیصد بڑھ گئی ہے جس کے سبب شعبہ سے وابستہ بلڈرس کو مشکلات کا سامنا ہے۔بلڈرس کی تنظیموں نے بتایا کہ شہر میں 2020 اپریل کے دوران ملک میں سب سے زیادہ پراجکٹس کا آغاز ہوا تھا لیکن اچانک پیدا حالات سے تعمیراتی کام کو روک دیا گیا تھا اور اب جبکہ کاموں کو دوبارہ شروع کیا جانے لگا ہے تو تعمیراتی قیمت میں نمایاں فرق ہونے لگا ہے جس کی وجہ سے رئیل اسٹیٹ شعبہ ایک مرتبہ پھر سے منفی حالات کا سامنا کرسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button