قومی خبریں

دہلی: وزیر پور کے جیلر والا باغ میں 500 سے زائد جھونپڑیاں منہدم، مقامی لوگوں میں غصہ

ہمیں ریلوے لائن کے کنارے زندگی گزارنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ہمارے بچوں کا کیا قصور ہے؟"

نئی دہلی، 16 جون۔:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)قومی دارالحکومت دہلی کے وزیر پور علاقے کے جیلر والا باغ میں پیر کی صبح بڑی انہدامی کارروائی دیکھنے کو ملی، جہاں 500 سے زائد جھونپڑیاں مسمار کر دی گئیں۔ یہ کارروائی مقامی انتظامیہ اور پولیس کی سخت نگرانی میں انجام دی گئی تاکہ کسی بھی احتجاج یا بدامنی کو روکا جا سکے۔

انتظامیہ کے مطابق، ان جھونپڑیوں میں رہنے والے بیشتر خاندانوں کو پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت اشوک وہار میں فلیٹ الاٹ کیے گئے تھے، اور اس علاقے کو خالی کروانا ضروری ہو گیا تھا۔ تاہم، مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ ان کے فلیٹ منسوخ کر دیے گئے اور اب وہ بے یار و مددگار ہو گئے ہیں۔

ایک خاتون رہائشی کا کہنا تھا،
"ہم نے تمام کاغذات وقت پر جمع کیے تھے، لیکن ہمارے نام کاٹ دیے گئے۔ اب ہمیں بتایا جائے کہ ہم کہاں جائیں؟”

متاثرین کا کہنا ہے کہ حکومت بار بار وعدے کرتی ہے کہ کچی آبادیوں کو بغیر متبادل کے نہیں ہٹایا جائے گا، مگر عملی طور پر ایسا کچھ نظر نہیں آتا۔
ایک شخص نے بتایا:
"ہم یہاں دہائیوں سے رہ رہے ہیں، اب ہمیں ریلوے لائن کے کنارے زندگی گزارنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ ہمارے بچوں کا کیا قصور ہے؟”

یہ انہدام دہلی میں جاری اس مہم کا حصہ ہے جس کے تحت غیر قانونی تعمیرات، جھگیاں اور تجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے۔ مگر کئی سماجی تنظیموں اور متاثرہ افراد نے اس مہم پر سوال اٹھائے ہیں کہ جب تک مناسب متبادل مہیا نہ ہو، ایسی کارروائیوں سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو جاتی ہے۔

حکومت یا مقامی انتظامیہ کی جانب سے اب تک کوئی واضح ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، جس سے متاثرین میں مزید بے چینی پائی جا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button