

کانگریس قائد کو آرکیالوجیکل سروے تلنگانہ کا جواب،عنقریب دہلی میں نمائندگی کا فیصلہ
تلنگانہ: (اردودنیا.اِن)آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے تلنگانہ عہدیداروں نے تاریخی چارمینار کی مسجد میں نماز کی ادائیگی سے متعلق اجازت کے لئے نئی دہلی میں متعلقہ عہدیداروں نے رجوع ہونے کا مشورہ دیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی نائب صدر محمد راشد خاں نے تاریخی چارمینار کی مسجد میں نماز کی اجازت دینے سپرنٹنڈنگ آرکیالوجسٹ ایس ایس کمار سے نمائندگی کی تھی ۔
انہوں نے اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ چارمینار کی پہلی منزل پر واقع مسجد کو نماز کی ادائیگی کیلئے کھولنے کے سلسلہ میں انہیں اختیار نہیں ہے۔ مقامی عہدیدار اس سلسلہ میں اجازت دینے کے مجاز نہیں ۔ انہوں نے اس معاملہ کو ڈائرکٹر جنرل آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا نئی دہلی سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔ اسی دوران راشد خاں نے آر ٹی آئی کے تحت آرکیالوجیکل سروے سے بعض معلومات طلب کی ہیں۔
حکام نے اس مسئلہ پر عنقریب جواب دینے سے اتفاق کیا ہے ۔ کانگریس قائد راشد خاں نے بتایا کہ چارمینار کی مسجد میں نماز کی اجازت کے حصول کیلئے بہت جلد نئی دہلی پہنچ کر ڈائرکٹر جنرل آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا سے نمائندگی کریں گے ۔ انہوں نے اس سلسلہ میں تلنگانہ وقف بورڈ سے مداخلت کی اپیل کی ۔
انہوں نے کہا کہ صدرنشین وقف محمد سلیم کو مکتوب حوالے کرتے ہوئے درخواست کی گئی تھی کہ وہ دیگر غیر آباد مساجد کی طرح چارمینار کی مسجد کو آباد کرنے کی مساعی کریں۔ وقف بورڈ کو چاہئے کہ اس سلسلہ میں آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کرتے ہوئے نمازوں کی اجازت حاصل کریں۔



