بین ریاستی خبریںجرائم و حادثات

شوہر کے قتل میں بیوی اور اس کا آشنا گرفتار، 72 گھنٹوں میں کیس حل

کلفصہ نے تین سال سے چل رہے ناجائز تعلقات کی خاطر شوہر ساجد کو راستے سے ہٹا دیا

جند، 16 جون (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز):ہریانہ کے ضلع جند میں ایک نوجوان کے بہیمانہ قتل کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ مقتول کی بیوی کلفصہ ہی اس کی قاتل نکلی۔ اس نے قتل اپنے عاشق اور شوہر کے سگے کزن محمد خالد کے ساتھ مل کر کیا۔

واقعہ 13 جون کی رات کا ہے، جب 26 سالہ ساجد کی لاش جند میں ریلوے ٹریک کے قریب ملی۔ ساجد اتر پردیش کے مظفر نگر ضلع کے گاؤں بڑودہ کا رہنے والا تھا۔ جائے واردات سے ایک چاقو اور ڈنڈا برآمد ہوا، جس کے بعد معاملہ ریلوے پولیس (جی آر پی) کے حوالے کیا گیا۔

جی آر پی نے لاش کو تحویل میں لے کر خانپور میڈیکل کالج بھجوایا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثا کے حوالے کی گئی۔ ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس نے جائے وقوعہ کے ارد گرد موبائل فونز کی لوکیشن چیک کیں، جس سے معاملے کی گتھی سلجھ گئی۔

کلفصہ اور محمد خالد کی لوکیشن موقع واردات کے وقت ایک جیسی پائی گئی۔ پولیس نے کلفصہ کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی، جس میں اس نے اعتراف جرم کر لیا۔

اس نے بتایا کہ وہ گزشتہ تین سال سے محمد خالد کے ساتھ ناجائز تعلقات میں تھی۔ وہ ساجد سے نجات چاہتی تھی، اسی لیے اس نے خالد کو یوپی سے جند بلایا۔

خالد 10 جون کو جند پہنچا اور 13 جون کی رات دونوں نے قتل کا منصوبہ عملی جامہ پہنایا۔ کلفصہ نے ساجد کو پیشاب کے بہانے اینٹوں کے بھٹے کے قریب لے جا کر خالد کے ساتھ مل کر چاقو اور ڈنڈے سے حملہ کر کے قتل کر دیا۔

قتل کے بعد کلفصہ واپس اپنی جھونپڑی چلی گئی جبکہ خالد اسی رات یوپی واپس چلا گیا۔ جی آر پی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کلفصہ کو گرفتار کیا اور اعتراف جرم کے بعد ایک خصوصی ٹیم بنا کر خالد کو بھی اتوار کے روز مظفر نگر سے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button