بین الاقوامی خبریں

غزہ میں صحافی فادی خلیفہ شہید، اسرائیلی حملوں میں صحافیوں کی شہادتوں کی تعداد 231 ہوگئی

قابض اسرائیل کے حملوں میں شہید فلسطینی صحافیوں کی تعداد 231 ہو چکی ہے۔

غزہ، ۱۴ جولائی (اردودنیا.اِن/ایجنسیز)قابض اسرائیل کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور اس بار اس کے ظلم کا نشانہ بنے ہیں فلسطینی صحافی فادی خلیفہ، جو غزہ کے جنوبی مشرقی علاقے الزیتون میں اپنے تباہ حال گھر کا جائزہ لے رہے تھے۔ اتوار کی شام اسرائیلی بمباری نے ان کی زندگی کا چراغ گل کر دیا اور وہ شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوگئے۔یہ واقعہ گذشتہ چوبیس گھنٹوں میں غزہ میں صحافیوں کو نشانہ بنانے کا دوسرا افسوسناک واقعہ ہے۔ اتوار کی صبح ہی صحافی حسام صالح العدلونی، ان کی اہلیہ اور تین معصوم بچوں کو شمالی خان یونس میں اسرائیلی حملے نے شہید کر دیا تھا۔

صحافی فادی خلیفہ کی شہادت کے بعد 7 اکتوبر 2023 سے اب تک قابض اسرائیل کے حملوں میں شہید فلسطینی صحافیوں کی تعداد 231 ہو چکی ہے۔ اس دوران سیکڑوں صحافی شدید زخمی یا مستقل معذوری کا شکار ہو چکے ہیں، جب کہ بہت سے لوگ شدید صدمے کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔یہ مسلسل قتل و غارت گری دراصل اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی اجتماعی نسل کشی کی منظم کوششوں کا حصہ ہے۔ اس کا مقصد نہ صرف فلسطینیوں کی زمین پر قبضہ کرنا ہے بلکہ ان کی آواز، ان کی تصویر اور ان کا قلم بھی خاموش کرنا ہے۔

اتوار کے روز بھی قابض اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری میں کم از کم 92 بے گناہ فلسطینی شہری شہید ہوئے، جن میں 52 افراد وسطی اور جنوبی غزہ کے علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔ ان حملوں میں اسکولوں، ہسپتالوں، پناہ گاہوں اور رہائشی گھروں کو بھی بے دریغ نشانہ بنایا گیا۔یہ سب کچھ عالمی برادری کی شرمناک خاموشی اور امریکہ کی کھلی حمایت کے سائے میں ہو رہا ہے، جس نے فلسطینیوں کی نسل کشی کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ غزہ میں ہر دن، ہر رات، ہر لمحہ خون میں رنگی جا رہی ہے اور معصوم انسانیت انصاف کی دہائی دے رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button