رابرٹ واڈرا پر 58 کروڑ کی زمین ڈیل میں منی لانڈرنگ کا الزام، ای ڈی نے چارج شیٹ داخل کر دی
"زمین خریدی، لائسنس لیا، کروڑوں کمائے": رابرٹ واڈرا پر 58 کروڑ کے منی لانڈرنگ کا الزام
نئی دہلی:(اردو دنیا نیوز)انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی کے داماد رابرٹ واڈرا کے خلاف گڑگاؤں کے مشہور زمین سودے میں منی لانڈرنگ کے الزامات پر دہلی کی راؤز ایونیو کورٹ میں چارج شیٹ داخل کردی ہے۔ چارج شیٹ میں واڈرا سمیت 11 دیگر افراد کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق، واڈرا کی کمپنی اسکائی لائٹ ہاسپیٹیلٹی پر 2008 میں گڑگاؤں کے سیکٹر 83 میں واقع شکوه پور گاؤں میں 3.5 ایکڑ زمین صرف 7.5 کروڑ روپے میں خریدنے، اور پھر چند ماہ بعد وہی زمین 58 کروڑ روپے میں ڈی ایل ایف کو فروخت کرنے کا الزام ہے، جس سے انہیں تقریباً 50 کروڑ روپے کا منافع ہوا۔
ای ڈی کا کہنا ہے کہ واڈرا کو اس زمین پر کمرشل ڈویلپمنٹ کا لائسنس اس وقت کی کانگریس حکومت نے فوری طور پر جاری کیا، جس کے نتیجے میں انہیں غیر معمولی مالی فائدہ ہوا۔ یہ سارا معاملہ ایک پولیس ایف آئی آر (2018، گڑگاؤں) پر مبنی ہے، جس میں زمین کی خرید و فروخت میں دھوکہ دہی اور جعلسازی کا الزام لگایا گیا تھا۔ای ڈی نے چارج شیٹ میں آنکاریشور پراپرٹیز کے ڈائریکٹرز ستیانند یا جی اور کے ایس ویرک کو بھی ملزم ٹھہرایا ہے۔ایک روز قبل ہی ای ڈی نے رابرٹ واڈرا اور ان کی کمپنیوں، خصوصاً اسکائی لائٹ ہاسپیٹیلٹی پر مشتمل 43 جائیدادیں، جن کی مالیت 37 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی جا رہی ہے، ضبط کرلی تھیں۔
یہ واڈرا کے خلاف دوسرا بڑا اقدام ہے۔ اس سے قبل اپریل میں ای ڈی نے نیشنل ہیرالڈ کیس میں سونیا گاندھی اور راہل گاندھی کے خلاف بھی چارج شیٹ داخل کی تھی۔
رابرٹ واڈرا کے دفتر سے جاری بیان میں ان کارروائیوں کو "سیاسی انتقامی کارروائی” قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے:”یہ کاروائیاں صرف موجودہ حکومت کی سیاسی دشمنی کا تسلسل ہیں۔ واڈرا عدالت میں اپنا دفاع کریں گے اور یقین ہے کہ بے گناہی ثابت ہوگی۔ وہ قانون کے مطابق مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔
"یاد رہے، رابرٹ واڈرا پر ہریانہ اور راجستھان کی سابق کانگریس حکومتوں کے دوران زمین سودوں میں فائدہ حاصل کرنے، اور لندن و دبئی میں ناجائز اثاثے حاصل کرنے کے الزامات بھی زیرِ تفتیش ہیں۔ ان میں ایک کیس مفرور اسلحہ ڈیلر سنجے بھنڈاری سے متعلق بھی ہے، جس میں واڈرا پر غیر قانونی ذرائع سے جائیداد خریدنے کا الزام ہے۔



