سرورققومی خبریں

2006 ممبئی دھماکہ کیس: بامبے ہائی کورٹ نے تمام 12 ملزمان کو 19 سال بعد بری کر دیا

ملزمان کسی اور کیس میں مطلوب نہ ہوں تو فوری طور پر جیل سے رہا کیا جائے

ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) 2006 کے خوفناک ممبئی ٹرین بم دھماکوں کے 19 سال بعد بمبئی ہائی کورٹ نے پیر کے روز تمام 12 افراد کو بری کر دیا جنہیں نچلی عدالت نے مجرم قرار دیا تھا۔ ان دھماکوں میں 189 افراد جاں بحق جبکہ 800 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔2015 میں ایک خصوصی عدالت نے ان 12 افراد کو مجرم قرار دے کر پانچ کو سزائے موت اور باقی سات کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ تاہم، ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ، جسٹس انیل کلور اور جسٹس شیام چندک نے آج تمام سزاؤں کو منسوخ کرتے ہوئے فیصلہ دیا کہ:"پراسیکیوشن مکمل طور پر ملزمان کے خلاف ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہا ہے۔ یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ ان افراد نے یہ جرم کیا۔ لہٰذا ان کی سزا کو کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔

"عدالت نے کہا کہ ملزمان اگر کسی اور کیس میں مطلوب نہ ہوں تو فوری طور پر جیل سے رہا کیا جائے۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ گواہوں کے بیانات مشکوک تھے اور واقعے کے 100 دن بعد کسی کو مشتبہ افراد کی شناخت یاد رکھنا ممکن نہیں۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ دھماکوں کے دوران استعمال ہونے والے بموں کی نوعیت، اسلحہ اور نقشے جیسی چیزیں جو تفتیش میں برآمد ہوئیں، دھماکوں سے تعلق نہیں رکھتیں۔

واضح رہے کہ 11 جولائی 2006 کو ممبئی کی لوکل ٹرینوں میں صرف 11 منٹ کے اندر 7 بم دھماکے ہوئے تھے، جن میں پریشر ککر بم استعمال کیے گئے تھے۔ یہ بم چرچ گیٹ سے آنے والی فرسٹ کلاس بوگیز میں نصب تھے، اور دھماکے مختلف اسٹیشنز جیسے ماٹنگا روڈ، ماہیم، باندرہ، کھار روڈ، جوگیشوری، بھیاندر اور بوریولی کے قریب ہوئے تھے۔جن 12 افراد کو 2015 میں سزا ہوئی تھی، ان میں فیصل شیخ، آصف خان، کمال انصاری، احتشام صدیقی اور نوید خان کو سزائے موت دی گئی تھی۔ دیگر سات، محمد ساجد انصاری، محمد علی، ڈاکٹر تنویر انصاری، مجید شفیع، مزمل شیخ، سہیل شیخ اور ضمیر شیخ کو عمر قید دی گئی تھی۔۔ کمال انصاری نام کے ملزم کی کووڈ 19 کی وجہ سے 2022 میں جیل میں ہی موت ہو گئی تھی۔

ہائی کورٹ میں اس فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت رواں سال جنوری میں مکمل ہوئی تھی، جس کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا گیا تھا۔ تمام زیر حراست ملزمان نے یروڈا، ناسک، امراوتی اور ناگپور جیلوں سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے سماعت میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button