کرائے کے بوجھ سے نجات: بیجنگ میں ایک شخص نے 3 سال سے گاڑی کو ہی اپنا گھر بنا لیا
کرائے کی بلند قیمتوں سے تنگ آکر 2500 یوآن ماہانہ کرایے والا فلیٹ چھوڑ دیا
بیجنگ، ۲۲؍ جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)چین کے دارالحکومت بیجنگ میں ایک شخص نے مہنگے کرایے سے بچنے کے لیے انوکھا راستہ اختیار کیا ہے۔ تیانجن شہر سے تعلق رکھنے والے 38 سالہ یان نامی شخص نے گزشتہ تین برسوں سے اپنی بڑی الیکٹرک گاڑی کو ہی اپنا عارضی گھر بنا رکھا ہے۔یان ہر پیر کو صبح ساڑھے پانچ بجے تیانجن سے بیجنگ کے لیے روانہ ہوتا ہے — جو تقریباً 130 کلومیٹر کا سفر ہے — اور جمعے کی شام کام سے فارغ ہو کر واپس اپنے گھر چلا جاتا ہے جہاں اس کی اہلیہ اور دو بیٹے مقیم ہیں۔اس منفرد طرزِ زندگی کی شروعات 2022 میں ہوئی، جب یان نے کرائے کی بلند قیمتوں سے تنگ آکر 2500 یوآن ماہانہ کرایے والا فلیٹ چھوڑ دیا اور ایک بڑی الیکٹرک گاڑی خرید لی۔
اب وہ پیر سے جمعرات تک اپنی گاڑی میں سوتا ہے، اکثر کسی پارک کے قریب گاڑی کھڑی کرتا ہے، اور پارک میں چہل قدمی کے بعد گاڑی کے اندر ہی ناشتہ تیار کرتا ہے۔یان کا کہنا ہے کہ "جب آپ کی گاڑی میں جگہ موجود ہو اور چارجنگ اسٹیشن دستیاب ہوں تو اس میں رہنا بالکل برا نہیں ہوتا”۔ وہ رات کو ٹی وی دیکھتا ہے، گانے گاتا ہے، گھر والوں سے ویڈیو کال کرتا ہے اور کمپیوٹر پروگرامنگ میں بھی وقت صرف کرتا ہے۔
عموماً وہ رات 10 یا 11 بجے سو جاتا ہے۔اس نے مزید بتایا کہ اس وقت اس کے ماہانہ اخراجات صرف 800 یوآن تک محدود ہو گئے ہیں اور اسے سب سے بڑی دشواری صرف ٹوائلٹ کے استعمال کی جگہ تلاش کرنے میں پیش آتی ہے۔یان کا کہنا ہے کہ وہ لوگوں کی رائے کو اپنے طرزِ زندگی پر اثرانداز نہیں ہونے دیتا۔ اس نے بیجنگ میں رہائش کا یہ کم خرچ ماڈل نہ صرف اپنایا بلکہ کامیابی سے نبھایا بھی ہے۔



