ٹیسٹ ٹیوب سینٹر میں IVF کے دوران شوہر کے بجائے دوسرے شخص کا نطفہ استعمال، خاتون کی پولیس میں شکایت
ڈی این اے ٹیسٹ سے انکشاف، آئی وی ایف سینٹر نے نطفہ بدل دیا، جوڑے کا قانونی کارروائی کا فیصلہ
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سکندرآباد میں واقع ایک ٹیسٹ ٹیوب بے بی سینٹر کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ الزام ہے کہ آئی وی ایف کے عمل میں متاثرہ خاتون کے شوہر کے بجائے کسی اور شخص کے نطفے کا استعمال کیا گیا، جس کے بعد خاتون نے پولیس سے رجوع کیا۔
پولیس کے ابتدائی بیان کے مطابق،متاثرہ جوڑا، جو کئی سالوں سے بانجھ پن کا شکار تھا، ٹیسٹ ٹیوب سینٹر سے رجوع ہوا۔ واضح طور پر بتایا گیا تھا کہ خاتون صرف اپنے شوہر کے نطفے سے حاملہ ہونا چاہتی ہیں۔ آئی وی ایف عمل کے بعد خاتون حاملہ ہوئیں اور ایک بیٹے کو جنم دیا۔
پیدائش کے چند ماہ بعد بچہ بار بار بیمار رہنے لگا۔ میڈیکل ٹیسٹ سے پتا چلا کہ بچے کو کینسر ہے۔ مزید تحقیق کے لیے دوبارہ ٹیسٹ ٹیوب سینٹر سے رجوع کیا گیا مگر وہاں سے تسلی بخش جواب نہ ملا۔چونکہ والدین یا ان کے خاندان میں اس بیماری کی کوئی تاریخ نہیں تھی، اس لیے جوڑے کو شک ہوا اور انہوں نے بچے کی جینیاتی شناخت کی تصدیق کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کروایا۔ رپورٹ میں واضح ہو گیا کہ بچہ خاتون کے شوہر کا حیاتیاتی بیٹا نہیں ہے۔
اس ہولناک انکشاف کے بعد متاثرہ خاتون نے پولیس میں شکایت درج کروائی جس پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سینٹر کے عملے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے اور ممکنہ طور پر مزید متاثرین کی شناخت بھی کی جائے گی۔
🌍 تازہ ترین خبریں، اپڈیٹس اور دلچسپ معلومات حاصل کریں!
🔗 اردو دنیا نیوز واٹس ایپ گروپ



