خاتون نے ٹوتھ برش نگل لیا، ڈاکٹروں نے اینڈوسکوپی سے بچائی جان!
خاتون نے نگل لیا ٹوتھ برش، 45 منٹ طویل آپریشن کے بعد نکالا گیا
کولکتہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں ایک حیرت انگیز واقعہ پیش آیا، جہاں ایک 37 سالہ خاتون کو شدید پیٹ درد اور سانس لینے میں دشواری کی شکایت پر اسپتال لایا گیا۔ خاتون نے بتایا کہ اسے سینے میں بھی درد محسوس ہو رہا ہے، مگر اس سے زیادہ وہ کچھ نہ کہہ سکی۔
ڈاکٹروں نے فوری طور پر خاتون کا ایکس رے اور بعد میں جی آئی اینڈوسکوپی کی، جس کے نتائج نے سب کو حیران کر دیا۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ خاتون کے پیٹ میں ایک مکمل ٹوتھ برش موجود ہے۔
ایسا عام طور پر بچوں کے ساتھ پیش آتا ہے، مگر ایک بالغ عورت کا ٹوتھ برش نگل لینا ایک غیر معمولی اور نادر واقعہ سمجھا جا رہا ہے۔
ڈاکٹروں نے ٹوتھ برش کو باہر نکالنے کے لیے تقریباً 45 منٹ تک مسلسل محنت کی۔ اینڈوسکوپی کے ذریعے خاتون کے منہ سے ایک باریک دھاگہ داخل کیا گیا، اور اسی دھاگے سے ٹوتھ برش کو باندھ کر نہایت احتیاط کے ساتھ باہر نکالا گیا۔
اس دوران خاتون کو مکمل بے ہوشی کی دوا دی گئی۔ ڈاکٹر سنجے باسو کی قیادت میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے یہ کامیاب آپریشن انجام دیا۔فی الحال خاتون کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے، اور ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بروقت علاج کی بدولت ایک سنگین صورتحال کو ٹال دیا گیا۔



