ممبئی-کولکاتا انڈیگو پرواز میں ہنگامہ،گھبراہٹ کے شکار مسافر کو تھپڑ، ملزم سیکیورٹی کے حوالے
سوشل میڈیا پر صارفین نے حملہ آور کو 'سنگھی ذہنیت کا مظاہرہ' قرار دیا۔
ممبئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)انڈیگو ایئرلائن کی ممبئی سے کولکاتا جانے والی پرواز 6E138 میں اس وقت ہنگامہ برپا ہو گیا جب ایک مسافر نے مبینہ طور پر گھبراہٹ کے شکار دوسرے مسافر کو زور دار تھپڑ مار دیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس پر انڈیگو نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بیٹھا ہوا شخص اچانک سامنے کھڑے مسافر کو زور دار تھپڑ مار دیتا ہے، جب کہ اس وقت وہاں ایئر ہوسٹس اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔ ویڈیو میں ایک کریو ممبر فوراً مداخلت کرتے ہوئے کہتا ہے: "سر، مت کیجیے، Don’t do that۔”
اسی دوران ویڈیو بنانے والا شخص حملہ آور سے سوال کرتا ہے: "مارا کیوں؟” جس پر وہ جواب دیتا ہے: "پریشانی ہوگی لیکن ہاتھ نہیں اٹھانا چاہیے تھا۔” وہ مزید کہتا ہے: "پریشانی سب کو ہوتی ہے، لیکن ہاتھ نہیں اٹھانا چاہیے۔”
کچھ دیگر مسافروں نے یہ بھی کہا کہ جس شخص کو تھپڑ مارا گیا، اسے گھبراہٹ کا دورہ (panic attack) پڑ رہا تھا۔ ایک مسافر کی آواز ویڈیو میں سنی جا سکتی ہے جو کہتا ہے: "He is getting a panic attack۔”
انڈیگو کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ:
"ہم اپنی ایک پرواز پر ہونے والے جسمانی جھگڑے کے واقعے سے آگاہ ہیں۔ ایسا رویہ ناقابل قبول ہے اور ہم اس کی سخت مذمت کرتے ہیں۔”
ایئرلائن نے مزید کہا:
"ہمارے عملے نے طے شدہ ضابطہ کار کے مطابق کارروائی کی۔ ملوث شخص کو ’Unruly Passenger‘ قرار دیتے ہوئے لینڈنگ کے بعد سیکیورٹی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو واقعہ کی اطلاع دے دی گئی ہے اور اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔”
نو فلائی لسٹ میں شامل کیے جانے کا امکان
انڈیگو نے اس بات کے اشارے دیے ہیں کہ حملہ آور مسافر کے خلاف ہوابازی کے اصولوں کے تحت کارروائی کرتے ہوئے اسے کچھ وقت کے لیے ’نو فلائی لسٹ‘ میں بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
ایئرلائن نے اپنے بیان میں یہ بھی واضح کیا کہ وہ تمام پروازوں میں مسافروں اور عملے کی حفاظت اور عزت نفس کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
समाज पूरी तरह सड़ चूका है pic.twitter.com/l03axtIqSc
— Adil siddiqui (azmi) (@adilsiddiqui7) August 1, 2025



