معمولی جھگڑا قتل میں بدل گیا، نویں جماعت کے طالب علم نے سینئر کو چاقو مار کر قتل کر دیا
جونیئر کے حملے میں دہم جماعت کا طالب علم ہلاک، حالات کشیدہ
احمد آباد، 20 اگست:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)احمد آباد کے کھوکھرا علاقے میں منگل کو ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں نویں جماعت کے طالب علم نے اپنے سینئر، دسویں جماعت کے 15 سالہ طالب علم پر چاقو سے حملہ کر کے قتل کر دیا۔ زخمی طالب علم کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ بدھ کے روز مشتعل ہجوم اسکول میں گھس گیا اور زبردست توڑ پھوڑ کی۔ مرنے والے طالب علم کے اہل خانہ اور مقامی ہندو تنظیموں نے اسکول انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
پولیس کے مطابق، معاملہ ایک ہفتے قبل شروع ہوا تھا جب مقتول طالب علم کے کزن کی نویں جماعت کے طالب علم سے لڑائی ہوئی تھی۔ منگل کو مقتول اس معاملے پر بات کرنے گیا تو اس دوران نویں جماعت کے دوسرے طالب علم نے اچانک چاقو سے حملہ کر دیا۔
واقعے کی سنگینی کے پیش نظر پولیس نے ملزم طالب علم کو گرفتار کر لیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج بھی قبضے میں لے لی ہے۔ احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
اہل خانہ کا الزام ہے کہ اسکول میں طلباء اسلحہ اور منشیات جیسی اشیاء لے کر آتے تھے لیکن اسکول انتظامیہ نے وقت پر کوئی کارروائی نہیں کی، جس کے باعث یہ سانحہ پیش آیا۔پولیس کی بھاری نفری علاقے میں تعینات کر دی گئی ہے اور حالات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔



