سنیترا پوار کی آر ایس ایس تقریب میں شرکت پر سیاسی طوفان
"میں ہر لمحہ اپنی بیوی پر نظر نہیں رکھتا..." سنیترا پوار کے آر ایس ایس پروگرام میں جانے پر اجیت پوار کا ردعمل
ممبئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی اہلیہ اور راجیہ سبھا کی رکن پارلیمنٹ سنیترا پوار کی آر ایس ایس کے ایک پروگرام میں شرکت نے ریاستی سیاست میں ہلچل پیدا کر دی ہے۔ یہ تقریب بی جے پی ایم پی اور بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت کی رہائش گاہ پر منعقد ہوئی تھی، جس کا اہتمام راشٹریہ سیویکا سمیتی نے کیا تھا۔
کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ اس میٹنگ کا مقصد سناتن اقدار، ہندو ثقافت اور قومی شعور کو مضبوط بنانا ہے۔ شیئر کی گئی تصاویر میں سنیترا پوار کو خطاب کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ کئی خواتین زمین پر بیٹھی سن رہی تھیں۔
आज मेरे आवास पर ‘राष्ट्र सेविका समिति’ महिला शाखा का आयोजन हुआ।हम सब मिलकर सनातन मूल्यों, हिन्दू संस्कृति और राष्ट्रीय चेतना को और प्रखर बनाएंगे।
हम सबका संकल्प है कि मानव सेवा, राष्ट्र निर्माण और सनातन संस्कृति के संरक्षण के लिए निरंतर कार्य करते रहेंगे।
महिलाओं की जागरूकता और… pic.twitter.com/Cu5PecbELP— Kangana Ranaut (@KanganaTeam) August 20, 2025
اس موقع پر این سی پی (شرد پوار دھڑے) کے ایم ایل اے اور اجیت پوار کے بھتیجے روہت پوار نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ نائب وزیر اعلیٰ کے کیمپ میں "منافقت” ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا اجیت پوار بی جے پی کے دباؤ میں کام کر رہے ہیں؟
اجیت پوار جب وردھا کے دورے پر تھے تو ان سے ان کی اہلیہ کی آر ایس ایس پروگرام میں موجودگی کے بارے میں سوال کیا گیا۔انہوں نے جواب دیا: "مجھے بالکل علم نہیں کہ میری بیوی اس میٹنگ میں گئی تھی یا نہیں۔ مجھے اس سے پوچھنا پڑے گا۔ میں ہر لمحہ اپنی بیوی پر نظر نہیں رکھتا۔”مجھے اس بات کی پرواہ نہیں کہ میری بیوی کہاں جاتی ہے۔ پھر بھی، میں اس سے پوچھوں گا کہ وہ کہاں گئی تھی اور کب واپس آئی۔”
سیاسی تنازعے کے بعد سنیترا پوار نے مراٹھی میں ایک طویل پوسٹ کے ذریعے اپنی پوزیشن واضح کی۔ انہوں نے کہا:"میری موجودگی غیر سیاسی تھی۔ میں نے صرف خواتین کے اقدامات کو سمجھنے کے لیے شرکت کی، نہ کہ سیاست کے لیے۔ دیگر خواتین ممبران پارلیمنٹ بھی موجود تھیں۔”
انہوں نے مزید لکھا کہ وہ برسوں سے سماجی کاموں میں سرگرم ہیں اور خواتین کی مختلف تنظیموں کے کام کے بارے میں جاننے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ سنیترا پوار نے عوام سے اپیل کی کہ ان کی موجودگی کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے کیونکہ ان کا مقصد صرف خواتین کے کام کی حوصلہ افزائی تھا۔



