بین ریاستی خبریںجرائم و حادثات

وارانسی میں اجتماعی عصمت دری کی شکار کم عمر لڑکی نے آٹو رکشہ میں بچی کو جنم دیا

ڈی این اے ٹیسٹ عدالت کے حکم سے کرایا جائے گا، دو ملزم گرفتار، پانچ اب بھی فرار

وارانسی (یوپی):(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ایک دل دہلا دینے والا واقعہ اتر پردیش کے وارانسی میں پیش آیا جہاں اجتماعی عصمت دری کی شکار 15 سالہ نابالغ لڑکی نے اسپتال جاتے وقت آٹو رکشہ میں ہی بچی کو جنم دے دیا۔ اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ پولیس کی سست روی اور ایمبولینس نہ ملنے کے باعث متاثرہ کو انصاف اور فوری طبی سہولت سے محروم رکھا گیا۔

اہل خانہ کا کہنا ہے کہ متاثرہ کے ساتھ سات نوجوانوں نے اجتماعی عصمت دری کی تھی لیکن پولیس نے اب تک صرف دو ملزمان، ننہک اور آشو، کو گرفتار کیا ہے جبکہ دیگر پانچ ملزمان کرن، سوربھ، گولو، انکت اور آکاش اب بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔ متاثرہ کے بھائی نے دوبارہ پولیس کمشنر کو تحریری شکایت دے کر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ایڈیشنل پولیس کمشنر (کرائم) راجیش کمار سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ عدالت یہ فیصلہ کرے گی کہ نومولود کا باپ کون ہے اور اس کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ ضروری ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ باقی ملزمان کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

متاثرہ کی خالہ نے چونکا دینے والا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ دوپہر تقریباً 12 بجے جب ایمبولینس نہیں ملی تو وہ آٹو رکشہ میں اسپتال جا رہے تھے کہ راستے میں ہی بچی کی پیدائش ہوگئی۔ بعد ازاں متاثرہ کو ایک پرائیویٹ اسپتال اور پھر دین دیال ضلع اسپتال منتقل کیا گیا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے متاثرہ نے کہا کہ وہ اپنی بیٹی کی پرورش خود کرے گی اور اسے کسی باپ کی ضرورت نہیں ہے۔ اہل خانہ نے مزید بتایا کہ لڑکی کے والدین ذہنی طور پر کمزور ہیں اور متاثرہ نے سماجی بدنامی کے خوف سے حمل کی حقیقت چھپائی تھی۔

ڈاکٹروں نے علاج کے بعد ماں اور بچی کو گھر بھیج دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور لاپروائی برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button