نعش سمجھ کر پنچنامہ کیا جا رہا تھا، شخص اچانک کھڑا ہو کر بولا ’’میں زندہ ہوں‘‘
مدھیہ پردیش کا چونکا دینے والا واقعہ
ساگر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مدھیہ پردیش کے ساگر ضلع سے ایک ایسا عجیب و غریب واقعہ سامنے آیا ہے جس نے سب کو حیران کر دیا۔ پولیس ایک شخص کو نعش سمجھ کر پنچنامہ تیار کر رہی تھی اور اٹھانے کی تیاری ہو رہی تھی کہ اچانک وہ شخص کھڑا ہو گیا اور بولا، ’’جناب میں زندہ ہوں‘‘۔
یہ معاملہ کھرائی کے دیہی تھانہ علاقے کا ہے۔ پولیس کو دوپہر میں اطلاع ملی کہ دھنورا اور بنکھیریا گاؤں کے درمیان سڑک کنارے کیچڑ میں ایک شخص کی نعش پڑی ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق نعش تقریباً چھ گھنٹے سے وہیں پڑی تھی۔
اطلاع ملتے ہی تھانہ انچارج حکم سنگھ اپنی ٹیم کے ساتھ موقع پر پہنچے۔ گاؤں والے پہلے ہی جمع تھے۔ پولیس نے پنچنامہ تیار کیا اور جب نعش اٹھانے کی کوشش کی گئی تو اچانک منہ کے بل لیٹا ہوا آدمی ہلنے لگا اور کھڑا ہو گیا۔ یہ منظر دیکھ کر پولیس اور گاؤں والے دونوں حیران رہ گئے۔
پولیس کی پوچھ گچھ میں اس شخص نے بتایا کہ وہ شراب کے نشے میں تھا۔ پیشاب کرنے کے لیے رکا اور کیچڑ میں گر گیا۔ نشے کی شدت کے باعث وہ اٹھ نہ سکا اور کئی گھنٹوں تک وہیں پڑا رہا۔ قریب ہی اس کی موٹرسائیکل بھی کھڑی ملی۔
اس واقعہ کے بعد گاؤں والوں نے کہا کہ انہوں نے پہلی بار ایسا منظر دیکھا ہے کہ جسے سب نعش سمجھ رہے تھے، وہ اچانک کھڑا ہو کر اعلان کرتا ہے کہ وہ زندہ ہے۔



