قومی خبریں

دہلی میں بچوں کی اسمگلنگ کا ریکیٹ بے نقاب،10 گرفتار،6 کمسن بچے بازیاب

دہلی پولیس ایس آئی ٹی نے بچوں کی اسمگلنگ کرنے والے گروہ کا پردہ فاش کیا

نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)دہلی پولیس کے جنوب مشرقی ضلع کی خصوصی تفتیشی ٹیم (SIT) نے بچوں کی اسمگلنگ کرنے والے ایک بین ریاستی گروہ کو بے نقاب کیا۔ یہ گینگ خاص طور پر بس اسٹینڈز اور ریلوے اسٹیشنوں پر غریب اور بے سہارا خاندانوں کو نشانہ بنا کر بچوں کو اغوا اور فروخت کرتا تھا۔ پولیس نے کارروائی میں 10 ملزمان کو گرفتار کیا اور 6 بچوں کو بحفاظت بازیاب کرایا۔

ڈی سی پی ہیمنت تیواری کے مطابق 22 اگست 2025 کو یوپی کے باندہ ضلع کا رہائشی مزدور سریش اپنے خاندان کے ساتھ راجستھان جانے کے لیے بس سے روانہ ہوا۔ رات گزارنے کے لیے وہ سرائے کالے خان ISBT پر رکے۔ رات تقریباً 11 بجے، جب خاندان پلیٹ فارم نمبر 2 پر سو رہا تھا، سریش کا 6 ماہ کا بیٹا اچانک غائب ہو گیا۔ پریشان خاندان نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔

ایس آئی ٹی نے فوری طور پر تفتیش شروع کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج سے پتہ چلا کہ ملزمان بچے کو بس اسٹینڈ سے باہر لے جا رہے تھے۔ تکنیکی نگرانی اور مخبروں کی مدد سے ملزم ویربھان کو آگرہ کے پناہت علاقے سے گرفتار کیا گیا۔

ویربھان نے انکشاف کیا کہ اس کے سسر کالی چرن اور ایک شخص رام ورن نے بچے کو فروخت کرنے کو کہا تھا۔ بچہ آگرہ کے کے کے ہسپتال کے مالک ڈاکٹر کملیش کے حوالے کیا گیا۔ انسپکٹر راجندر ڈگر دل کا مریض ظاہر کرتے ہوئے اسپتال پہنچے اور ڈاکٹر کملیش سمیت دو ڈاکٹروں کو گرفتار کر لیا۔

ڈاکٹر کملیش نے اعتراف کیا کہ اس نے بچہ ایک شخص سندر کو فروخت کیا، جسے بعد میں پولیس نے یوپی-راجستھان سرحد پر گرفتار کیا۔ مزید تحقیقات پر پتہ چلا کہ بچہ کرشنا شرما اور پریتی شرما کو فروخت کیا گیا تھا، جن کے گھر سے بچہ بازیاب کر لیا گیا۔

ایس آئی ٹی کی کارروائیوں کے دوران اب تک 6 بچے بازیاب کیے جا چکے ہیں۔ ان میں آگرہ سے 6 ماہ کا بچہ، دو 2 ماہ کے بچے، 10 دن کا بچہ اور فتح آباد سے ایک سالہ بچی شامل ہیں۔

گرفتار ملزمان میں ویربھان (30سال) اغوا کار،کالی چرن (45سال) سسر اور شریک ملزم،ڈاکٹر کملیش (33سال) مالک KK اسپتال، آگرہ،سندر (35سال) اہم سپلائر،کرشنا شرما (28سال)  BAMS ڈاکٹر،پریتی شرما (30سال) بی ایم ایس ڈاکٹر، خریدار،ریتو (40سال)پہلے انسانی سمگلنگ میں ملوث،جیوتسنا (39سال)  بروکر،روبینہ عرف رچیتا (42سال)  دلال،نکھل (22سال) فراہم کنندہ

پولیس کے مطابق یہ گروہ اب تک 10 سے زائد بچوں کو فروخت کر چکا ہے۔ بچوں کی فروخت 1.5 لاکھ سے 7 لاکھ روپے میں کی جاتی تھی اور گود لینے کے جعلی کاغذات بھی تیار کیے جاتے تھے۔ گروہ کا نیٹ ورک کئی ریاستوں میں پھیلا ہوا ہے۔ ایس آئی ٹی اب مزید ملزمان اور بیچے گئے بچوں کا سراغ لگا رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button