بین الاقوامی خبریں

میکسیکو میں خوفناک حادثہ، مال گاڑی نے ڈبل ڈیکر بس کو روند ڈالا، 10 ہلاک 61 زخمی

بس کمپنی نے واقعہ پر بیان دینے سے انکار کر دیا ہے

میکسیکو:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)میکسیکو سٹی کے شمال مغربی علاقے ایٹلاکو مُلکو میں پیر کے روز ایک دل دہلا دینے والا حادثہ پیش آیا۔ ریلوے کراسنگ پر ایک تیز رفتار مال گاڑی نے ڈبل ڈیکر بس کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں کم سے کم 10 افراد ہلاک اور 61 زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ میکسیکو سٹی سے تقریباً 130 کلومیٹر دور صنعتی علاقے میں پیش آیا جہاں متعدد گودام اور فیکٹریاں موجود ہیں۔

میکسیکو کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بتایا کہ افسران جائے حادثہ پر راحت و بچاؤ کام میں مصروف ہیں، جبکہ اسٹیٹ پروزیکیوٹر کے دفتر نے واقعے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ حادثے کی شکار بس ’ہیرا دُورا ڈے پلاٹا‘ کمپنی کی تھی جو ٹکر کے بعد مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

بس کمپنی نے واقعہ پر بیان دینے سے انکار کر دیا ہے، لیکن کینیڈین پیسفک کنساس سٹی آف میکسیکو نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ریلوے کراسنگ کے پاس شدید ٹریفک جام تھا۔ اسی دوران بس ٹریک پر پھنسی اور اچانک تیز رفتار ٹرین نے اسے کچلتے ہوئے گزر گئی۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ حکام نے تاحال حادثے کی اصل وجہ ظاہر نہیں کی۔ریل ٹرانسپورٹ ریگولیٹری ایجنسی کی ایک رپورٹ کے مطابق میکسیکو میں لیول کراسنگ پر حادثات عام ہو گئے ہیں۔ سال 2024 میں ایسے 800 حادثے رپورٹ ہوئے جبکہ 2020 میں ان کی تعداد 602 تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button