سرورقصحت اور سائنس کی دنیا

مجربات رحیمی،سنائی مکی سے امراض شکم اور مالیخولیا کا علاج

سناء مکی کیسے کریں استعمال؟ شربت، معجون اور سفوف کے مجرب نسخے

سناء مکی کی اصل جائے پیدائش مکہ مکرمہ ہے، جیسا کہ اس کے نام سے ظاہر ہے۔ قدیم زمانے میں یہیں سے برآمد ہوتی تھی، لیکن اب ہندوستان میں بھی عام پائی جاتی ہے اور کئی جگہ خود رو حالت میں اگتی ہے۔ یہی دوا بازاروں میں سناء ہندی کے نام سے دستیاب ہے۔ اس کے پتوں کا بنیادی استعمال قبض کشا دوا کے طور پر کیا جاتا ہے۔

یہ پودا تقریباً تین فٹ تک اونچا ہوتا ہے۔ اس کی پتیاں ایک شاخ پر برابر جمی ہوتی ہیں۔ خشک کرنے کے بعد دوا میں استعمال کی جاتی ہیں۔ پتے زرد مائل سبز رنگ کے اور نپواڑ کے پتوں کی مانند لیکن نسبتاً بڑے ہوتے ہیں۔


خوراک

  • پتے: 5 سے 10 گرام

  • پھلیاں: 6 سے 12 عدد

چونکہ سناء کا اثر دیر سے ظاہر ہوتا ہے اس لیے اسے رات کے وقت دینا زیادہ موزوں سمجھا جاتا ہے۔

ایک خاص بات یہ ہے کہ اگر سناء مکی دودھ پلانے والی عورت استعمال کرے تو اس کے دودھ پینے والے بچے کو بھی دست آجاتے ہیں۔ حتیٰ کہ تجربات سے معلوم ہوا ہے کہ عرب جانے والے لوگ وہاں کی بکریوں کا دودھ پی کر بھی دست کی شکایت کرتے ہیں کیونکہ بکریاں کثرت سے سناء کی پتیاں کھاتی ہیں۔

1952ء سے سناء مکی جدید میڈیکل میں بھی شامل ہے۔ اسے سفوف، شربت، معجون یا جوشاندہ کی شکل میں استعمال کرایا جاتا ہے۔

کچھ لوگوں کو اس سے جی متلانے یا مروڑ کی شکایت ہوسکتی ہے، اس لیے:

  • دودھ پلانے والی عورتوں

  • نازک مزاج افراد

  • حاملہ عورتوں

کے لیے اس کا استعمال منع ہے۔ جن لوگوں کو سناء مکی سے مروڑ کی شکایت ہو، انہیں یہ لعاب خطمی یا اسپغول کی بھوسی کے ساتھ استعمال کرنی چاہیے۔


مجرب نسخے

1. شربت سناء

  • سناء مکی مصفیٰ: 50 گرام

  • پھول گلاب، مغز بیج کھیرا: ہر ایک 15 گرام

  • آلو بخارا، مغز املتاس، سونف: ہر ایک 25 گرام

سب کو کوٹ کر دو کلو پانی میں جوش دیں، چھان کر ڈیڑھ کلو چینی ملا کر شربت تیار کریں۔
خوراک: 20 گرام تک پانی ملا کر دیں۔
فائدہ: قبض دور کرتا ہے اور پاخانہ کھل کر آتا ہے۔


2. اطریفل سنائی

  • ہلیلہ سیاہ، بہیڑہ، آملہ، سناء مکی: ہر ایک 100 گرام

  • گھی خالص: 250 گرام

  • شہد: ڈیڑھ کلو

پہلے ہلیلہ سیاہ اور بہیڑہ کوٹ کر گھی میں بھون لیں۔ پھر باقی دوائیں کوٹ کر چھان لیں اور سب کو شہد میں ملا کر محفوظ کریں۔
خوراک: 6 سے 10 گرام صبح یا رات کو سوتے وقت عرق سونف یا پانی کے ساتھ۔
فائدہ: قبض دور کرتا ہے، سر درد اور مالیخولیا کی مختلف اقسام میں مفید ہے۔


3. دوائے قبض

  • سناء، سونٹھ، سونف، نمک سیندھا: برابر وزن

سب کو پیس کر سفوف بنالیں۔
خوراک: 5 گرام پانی کے ساتھ سوتے وقت۔
فائدہ: قبض کشا۔


4. معجون سناء

  • سناء کے پتے: 10 گرام

  • دانہ الائچی خورد: 10 گرام

  • بادام اصلی: 20 گرام

  • شہد خالص: 40 گرام

سناء اور الائچی کو پیس کر بادام کے روغن سے چرب کریں اور شہد میں ملا کر معجون تیار کریں۔
خوراک: 4 سے 9 گرام نیم گرم دودھ کے ساتھ رات کو۔
فائدہ: دائمی قبض کے لیے بہترین۔


5. سفوف سناء

  • سناء مکی (تنکے نکال کر)، سونٹھ، چھلکا ہلیلہ، نمک سیاہ: برابر وزن

سب کو پیس کر چھان لیں۔
خوراک: 5 سے 10 گرام نیم گرم پانی کے ساتھ رات کو۔
فائدہ: نہایت مفید، بے ضرر اور قبض کشا۔


6. شربت سناء (معتدل مزاجوں کے لیے)

  • سناء مکی کے پتے: 25 گرام

  • گل بنفشہ، پھول گلاب، پھول گاؤ زبان، پھول نیلوفر: ہر ایک 9 گرام

  • عناب: 15 دانے

  • آلو بخارا: 10 دانے

  • لسوڑیاں: 30 دانے

  • گری بیج کھیرا: 10 گرام

  • بیج کاسنی: 10 گرام

  • ترنجبین صاف کردہ: 25 گرام

سب کو جوش دے کر چھان لیں اور قوام تیار کریں۔
خوراک: حسب برداشت مریض کو دیں۔
فائدہ: جلاب آور اور معتدل مزاج افراد کے لیے بہترین۔

احتیاطی تدابیر

  • حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی خواتین استعمال نہ کریں۔

  • مروڑ کی شکایت والے افراد اسے لعاب خطمی یا اسپغول کے ساتھ استعمال کریں۔

  • ضرورت سے زیادہ استعمال سے پرہیز کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button