قومی خبریں

ٹرک ڈرائیور اغوا کیس:برطرف آئی اے ایس افسر پوجا کھیڈکر کے گھر سے لاپتہ ڈرائیور بازیاب

پونے میں پوجا کھیڈکر کے گھر سے لاپتہ ٹرک ڈرائیور کی برآمدگی

ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) برطرف آئی اے ایس پروبیشنر پوجاکھیڈکر ایک بار پھر مشکل میں پھنس گئی ہیں۔ پولیس نے ایک لاپتہ ٹرک ڈرائیور کو ان کے گھر سے برآمد کیا ہے، جس کے بعد معاملہ نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، ٹرک ڈرائیور پرہلاد کمار ہفتہ کی شام نوی ممبئی کے ایروالی سگنل کے قریب مکسچر ٹرک چلا رہے تھے، جب ان کا ٹرک ایک ایس یو وی گاڑی سے ٹکرا گیا۔ اس کے بعد ڈرائیور اور گاڑی میں سوار دو افراد کے درمیان جھگڑا ہوا۔ دونوں افراد نے کمار کو پولیس اسٹیشن لے جانے کے بہانے اپنی گاڑی میں بٹھایا اور موقع سے فرار ہو گئے۔

ربالے پولیس نے شکایت کی بنیاد پر بھارتیہ نیایا سنہیتا (BNS) کی دفعہ 137(2) (اغوا) کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ تفتیش کے دوران پولیس نے ایس یو وی گاڑی کو پونے کے چتوشرنگی علاقے میں پوجا کھیدکر کے گھر سے برآمد کیا اور لاپتہ ٹرک ڈرائیور کو بھی وہیں سے بازیاب کرایا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اس دوران پوجا کی والدہ، مانورما کھیڈکر نے پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کی اور انہیں گھر میں داخل ہونے سے روکا۔ پولیس نے مانورما کھیڈکر کو نوٹس جاری کر کے تفتیش کے لیے طلب کیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ پوجا کھیڈکر کو ستمبر 2024 میں مرکزی حکومت نے آئی اے ایس سروس سے برطرف کر دیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے امتحان کے دوران خود کو جسمانی معذوری کے زمرے میں پیش کیا، جھوٹی او بی سی سند دی اور اپنے عہدے کا غلط استعمال کیا۔

یو پی ایس سی نے بھی ان کی امیدواری منسوخ کر دی ہے اور انہیں مستقبل کے تمام امتحانات سے نااہل قرار دیا ہے۔ دہلی پولیس نے پوجا کے خلاف ایف آئی آر درج کر رکھی ہے اور معاملے کی جانچ جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button