سی بی آئی نے انیل امبانی اور رانا کپور کے خلاف 2,796 کروڑ روپے کے فراڈ کیس میں جارج شیٹ دائر کی
اس منصوبہ بند فراڈ سے Yes Bank کو 2,796 کروڑ روپے کا نقصان ہوا
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مرکزی تفتیشی ایجنسی سی بی آئی (CBI) نے صنعتکار انیل امبانی اور سابق یس بینک سی ای او رانا کپور سمیت کئی دیگر افراد کے خلاف 2,796.77 کروڑ روپے کے مبینہ دھوکہ دہی کے معاملے میں چارج شیٹ دائر کر دی۔ یہ کیس ممبئی کی ایک خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔
سی بی آئی کے مطابق، یہ معاملہ ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ (RCFL)، ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ (RHFL)، یس بینک اور رانا کپور کے اہل خانہ سے منسلک مختلف کمپنیوں سے جڑا ہوا ہے۔ چارج شیٹ میں انیل امبانی کو انیل دھیرو بھائی امبانی گروپ (ADA Group) کے چیئرمین اور ریلائنس کیپیٹل لمیٹڈ کے ڈائریکٹر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔
ایجنسی نے بتایا کہ رانا کپور نے اپنے دورِ سی ای او میں 2017 کے دوران یس بینک کے عوامی فنڈز کو مالی بحران کا شکار ADA گروپ کمپنیوں میں لگایا، حالانکہ کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی CARE Ratings نے ان کمپنیوں کو "واچ لسٹ” میں ڈال دیا تھا۔ Yes Bank نے RCFL میں تقریباً 2,045 کروڑ روپے اور RHFL میں 2,965 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی تھی، جو بعد میں مختلف کمپنیوں کے ذریعے گھما کر منتقل کر دی گئی۔
اس منصوبہ بند فراڈ سے یس بینک کو 2,796 کروڑ روپے کا نقصان ہوا جبکہ ADA گروپ اور رانا کپور کے اہل خانہ کو ناجائز فائدہ پہنچا۔ مزید تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ انیل امبانی نے RCFL اور RHFL سے رانا کپور کے اہل خانہ کی خسارے والی کمپنیوں کو کم شرحِ سود پر قرض دلوایا۔
سی بی آئی کے بیان میں کہا گیا کہ یہ ایک منظم سازش تھی جس میں رانا کپور نے اپنے عہدے کا ناجائز استعمال کیا اور یس بینک کے عوامی فنڈز کو ADA گروپ کی مالی طور پر کمزور کمپنیوں میں لگایا۔ بدلے میں ADA گروپ نے رانا کپور کے اہل خانہ کی کمپنیوں کو قرض اور سرمایہ کاری فراہم کی۔
چارج شیٹ میں رانا کپور کی بیوی بندو کپور، بیٹیاں رادھا کپور اور روشنی کپور سمیت متعدد کمپنیوں کو بھی نامزد کیا گیا ہے جن میں شامل ہیں: RCFL، RHFL (اب آتھم انویسٹمنٹ اینڈ انفراسٹرکچر لمیٹڈ)، RAB Enterprises Pvt Ltd، Imagine Estate Pvt Ltd، Bliss House Pvt Ltd، Imagine Habitat Pvt Ltd، Imagine Residence Pvt Ltd اور Morgan Credits Pvt Ltd۔
سی بی آئی نے انکشاف کیا کہ ریلائنس نپون میوچل فنڈز نے انیل امبانی کی ہدایت پر رانا کپور کے اہل خانہ کی کمپنی مورگن کریڈٹس پرائیویٹ لمیٹڈ میں 1,160 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی۔ مزید یہ کہ ریلائنس نپون نے یس بینک کے AT1 بانڈز میں بھی تقریباً 1,750 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی، جو ہائی رسک سرمایہ کاری سمجھی جاتی ہے اور کسی مالی بحران کی صورت میں مکمل طور پر ختم بھی ہو سکتی ہے۔تاہم، ابھی تک ADA گروپ نے اس کیس پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔



