مودی کے سودیشی منتر پر کیجریوال کا طنز: پہلے خود غیر ملکی جہاز چھوڑیں
عوام سے سودیشی کی اپیل، خود غیر ملکی جہاز پر سفر! عوام کو نہیں، پہلے خود مثال بنیں
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سابق وزیر اعلیٰ دہلی اور عام آدمی پارٹی (AAP) کے رہنما اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کی سودیشی مہم پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو تقریر نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔
کیجریوال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا:”وزیر اعظم جی! جس غیر ملکی جہاز سے آپ روزانہ سفر کرتے ہیں، اسے چھوڑ دیجیے۔ دن بھر جتنا غیر ملکی سامان آپ استعمال کرتے ہیں، اسے بھی ترک کر دیجیے۔”
انہوں نے مزید کہا:”ہندوستان میں کام کر رہی چار بڑی امریکی کمپنیوں کو بھی بند کر دیجیے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ روز ہندوستان اور ہندوستانیوں کی توہین کر رہے ہیں، آپ بھی کوئی قدم اٹھائیے۔ لوگ اپنے وزیر اعظم سے عمل کی امید رکھتے ہیں، تقریر کی نہیں۔”
واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار کو قوم سے خطاب کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ غیر ملکی مصنوعات پر انحصار کم کریں اور سودیشی اشیاء خریدنے کو اپنی عادت بنائیں۔ مودی نے کہا تھا:
"فخر سے کہیے، میں سودیشی خریدتا ہوں۔”
ان کے مطابق غیر ملکی اشیاء انجانے میں روزمرہ زندگی کا حصہ بن گئی ہیں، لیکن اگر عوام مقامی مصنوعات خریدیں تو یہ خوشحالی اور خود انحصاری کی جانب ایک اہم قدم ہوگا۔
کیجریوال کی یہ تنقید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ہند-امریکہ تجارتی تعلقات میں کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔ حال ہی میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بھارتی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیا اور H-1B ویزا فیس میں اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان تناؤ مزید بڑھ گیا ہے۔اسی تناظر میں کیجریوال نے وزیر اعظم کو چیلنج کیا کہ اگر وہ واقعی سودیشی کے حامی ہیں تو سب سے پہلے خود مثال قائم کریں اور غیر ملکی سہولتوں کو ترک کریں۔



