
ہند-میانمار سرحد پر زلزلہ، جھٹکے ہندوستان میں بھی محسوس
یانمار میں 4.7 شدت کا زلزلہ، جھٹکے آسام، منی پور اور ناگالینڈ سمیت ہندوستان کی کئی ریاستوں میں محسوس
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)میانمار میں منگل کی صبح 4.7 شدت کا زلزلہ آیا جس کے جھٹکے ہندوستان کی کئی شمال مشرقی ریاستوں میں محسوس کیے گئے۔ نیشنل سینٹر فار سیزمولوجی (NSC) کے مطابق یہ زلزلہ صبح 6 بج کر 10 منٹ پر ہند-میانمار سرحد کے قریب آیا۔ اس کا مرکز منی پور کے اکھرول سے تقریباً 27 کلومیٹر جنوب-مشرق میں اور زمین سے 15 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔
زلزلے کے جھٹکے آسام، منی پور اور ناگالینڈ سمیت میزورم اور دیگر شمال مشرقی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔ مرکز ناگالینڈ کے ووکھا سے 155 کلومیٹر، دیما پور سے 159 کلومیٹر اور میزورم کے نگوپا سے 171 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔ اچانک جھٹکوں کے باعث مقامی لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، تاہم خبر لکھے جانے تک کسی بڑے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ حکام نے صورتحال پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے اور نقصان کے جائزے کے لیے ٹیمیں متحرک ہیں۔
یہ جھٹکے اس وقت محسوس ہوئے ہیں جب حال ہی میں 27 ستمبر کو پڑوسی ملک بنگلہ دیش میں 3.5 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کا مرکز کولکاتا سے محض 89 کلومیٹر دور تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ہندوستان میں زلزلے کے جھٹکے ایسے دن محسوس ہوئے جب 30 ستمبر 1993 کو مہاراشٹر کے لاتور میں آئے تباہ کن زلزلے نے ہزاروں جانیں لے لی تھیں اور اسی دن جودھپور کے ایک مندر میں بھگدڑ سے سینکڑوں عقیدت مند جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔ اس المناک یاد نے آج کے ہلکے جھٹکوں کے باوجود لوگوں کے خوف کو دوگنا کر دیا ہے۔



