ہونان میں 4 سالہ بچی 20ویں منزل سے گر کر معجزانہ طور پر بچ گئی، بہادر پڑوسن نے جان بچائی
بچی کو بازو پر معمولی چوٹیں آئیں جبکہ مسز وو کے ہاتھوں پر چھالے اور زخم ہوگئے۔
ہونان:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)چین کے صوبہ ہونان میں ایک 4 سالہ بچی 20ویں منزل سے نیچے گرنے کے بعد معجزانہ طور پر زندہ بچ گئی۔ یہ حیرت انگیز واقعہ 16 ستمبر کو اس وقت پیش آیا جب بچی کھیلتے ہوئے اپنی رہائشی عمارت کی کھڑکی سے نیچے جا گری۔
خوش قسمتی سے وہ سیدھا 13ویں منزل کے رین کینوپی پر گری، جس نے اس کی جان بچا لی۔ عین اسی لمحے 14ویں منزل پر رہنے والی مسز وو نے شور سن کر اپنی بالکونی سے باہر دیکھا تو بچی کو کینوپی پر پھنسے ہوئے پایا۔
مسز وو نے فوراً ہمت دکھائی، آگے بڑھ کر بچی کے ہاتھ پکڑ لیے اور اپنے بیٹے کو مدد کے لیے فون کرنے کی ہدایت دی۔ اس دوران پڑوسی بھی جمع ہوگئے اور ریسکیو اہلکاروں نے پہنچ کر بچی کو بحفاظت نکالا۔
واقعے میں بچی کو بازو پر معمولی چوٹیں آئیں جبکہ مسز وو کے ہاتھوں پر چھالے اور زخم ہوگئے۔ تاہم سب نے ان کی بہادری کو سراہا۔
مقامی حکام نے مسز وو کو بہادری کے سرٹیفکیٹ کے ساتھ 5,000 یوان (تقریباً 62,300 روپے) دینے کا اعلان کیا، لیکن انہوں نے عاجزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ انعام لینے سے انکار کردیا اور کہا کہ "یہ تو ہر پڑوسی کا فرض ہے۔”
یہ خبر چینی سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی، صارفین نے مسز وو کو "ہیرو” قرار دیا۔ اس موقع پر حفاظتی اداروں نے والدین کو ہدایت دی کہ وہ بلند عمارتوں میں کھڑکیوں اور بالکونیوں پر حفاظتی جال یا گرل لگوائیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
چین کے صوبہ ہونان میں بھی حال ہی میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا، جب ایک کمسن بچہ پانچویں منزل سے گر کر دوسری منزل کے رین کینوپی پر پھنس گیا۔ موقع پر موجود راہگیروں نے ٹرک کے ذریعے اوپر چڑھ کر بچے کو بحفاظت بچا لیا۔
Girl in China survives fall from 20th floor after landing on rain canopy
Ms Wu was awarded special recognition and 5,000 yuan (~S$900), but humbly declined. pic.twitter.com/FmQow8d7Rf
— MustShareNews (@MustShareNews) September 30, 2025



