بین الاقوامی خبریں

اسرائیلی بحریہ نے غزہ جانے والے "گلوبل صمود فلوٹیلا” کو روک لیا، 223 کارکن گرفتار

اسرائیلی بحریہ نے عالمی صمود فلوٹیلا کو روک لیا

غزہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اسرائیلی بحریہ نے غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے "گلوبل صمود فلوٹیلا” کو بین الاقوامی پانیوں میں روک لیا اور اس کی کئی کشتیوں کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔ فلوٹیلا کے منتظمین کے مطابق بدھ کی شب تقریباً 20 اسرائیلی کشتیاں قافلے کے قریب پہنچیں اور کشتیوں کے مواصلاتی نظام کو جام کر دیا، جس کے بعد اسرائیلی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے جہازوں پر سوار افراد کو گرفتار کر لیا۔

بیڑے کے بیان کے مطابق اسرائیلی فوج نے "ألما” اور "سيريوس” نامی جہازوں پر بھی قبضہ کیا ہے۔ بعد ازاں اسرائیلی وزارتِ خارجہ نے تصدیق کی کہ فلوٹیلا کی کئی کشتیاں روک دی گئی ہیں اور ان کے مسافروں کو اسرائیلی بندرگاہ منتقل کیا جا رہا ہے۔ اسرائیل نے یہ بھی کہا کہ سویڈن کی ماحولیاتی کارکن گریتا تھنبرگ اور ان کے ساتھی محفوظ ہیں۔

اس کارروائی پر فلوٹیلا کے رہنما تھیاگو ایویلا نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مشن انسانی ہمدردی پر مبنی ہے اور بین الاقوامی قانون کے مطابق بالکل قانونی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم غزہ کے مظلوم عوام کے لیے کھانا، پانی کے فلٹر، بیساکھیاں اور بچوں کا خشک دودھ لے جا رہے ہیں، لیکن اسرائیل اس امداد کو غیر قانونی طور پر روک رہا ہے۔ ایویلا نے مزید کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے اور ان اقدامات کے ذمہ داروں کو ایک دن جواب دینا ہوگا۔

ترجمان فلوٹیلا کے مطابق اسرائیلی افواج نے اس کارروائی میں 223 انسانی حقوق کارکنوں کو گرفتار کیا ہے جن میں سویڈن کی گریتا تھنبرگ، پاکستان کے سابق سینیٹر مشتاق احمد اور 37 ممالک سے تعلق رکھنے والے کارکن شامل ہیں۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ ان گرفتار کارکنوں کو یورپ ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔

"گلوبل صمود فلوٹیلا” نے ستمبر کے آغاز میں اسپین سے اپنا سفر شروع کیا تھا۔ اس میں 40 سے زائد کشتیوں پر تقریباً 500 افراد سوار تھے جن میں قانون ساز، وکلا اور سماجی کارکن شامل ہیں۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق 20 کشتیاں اسرائیل نے ضبط کر لی ہیں جبکہ 23 کشتیاں اب بھی غزہ کی جانب اپنا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ اسرائیل نے اس طرح کا امدادی قافلہ روکا ہو۔ ماضی میں بھی اسرائیلی فورسز نے اسی نوعیت کے بیڑوں کو اپنے قبضے میں لے کر کارکنان کو گرفتار اور ملک بدر کیا تھا۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ وہ غزہ کے لیے اس راستے سے امداد داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button