29 سالہ خاتون ٹیچر کے ساتھ اجتماعی زیادتی،جم ٹرینر اور ڈانسر سمیت 4 گرفتار
سب نے باری باری خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔
گروگرام:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ہریانہ کے شہر گروگرام میں ایک افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں ایک 29 سالہ خاتون ٹیچر کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی گئی۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ساؤتھ سٹی علاقے میں پیش آیا۔ خاتون نے سیکٹر 51 ویمن پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت گورو، نیرج، ابھیشیک اور یوگی کے نام سے ہوئی ہے۔ ان میں سے ایک جم ٹرینر ہے، جبکہ دوسرا ڈانس سکھانے کا کام کرتا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ متاثرہ خاتون کی گورو نامی نوجوان سے پہلے سے جان پہچان تھی۔ دونوں کی ملاقات ایک پارٹی کے دوران ہوئی تھی جس کے بعد ان کے درمیان بات چیت شروع ہو گئی۔
پولیس رپورٹ کے مطابق، یکم اکتوبر کی رات خاتون دہلی میں ایک پارٹی میں شرکت کے بعد واپس گھر جا رہی تھی، جب گورو نے اسے ساؤتھ سٹی علاقے میں بلایا۔ خاتون نے بتایا کہ گورو نے پہلے خود زیادتی کی، پھر اپنے تین دوستوں نیرج، ابھیشیک اور یوگی کو بھی بلا لیا۔ بعد ازاں ان سب نے باری باری خاتون کے ساتھ اجتماعی زیادتی کی۔
متاثرہ ٹیچر نے کسی طرح فرار ہو کر اپنے گھر پہنچ کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے فوراً خاتون کا میڈیکل کرایا اور مقدمہ درج کیا۔ تمام ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جو واقعے کی مکمل جانچ کرے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ خواتین کی سلامتی کے حوالے سے ایک سنگین مسئلہ ہے اور قصورواروں کو سخت سزا دی جائے گی۔



