تلنگانہ:معین آباد فارم ہاؤس پر پولیس چھاپہ، 65 گرفتار، نابالغ اور خواتین ریو پارٹی میں شامل
معین آباد فارم ہاؤس پر پولیس چھاپہ، 65 گرفتار، نابالغ اور خواتین شامل
تلنگانہ/حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) رنگاریڈی ضلع کے معین آباد علاقے میں راجندرنگر اسپیشل آپریشنز ٹیم (SOT) پولیس نے ایک فارم ہاؤس پر چھاپہ مار کر غیر قانونی منشیات سے متعلق سرگرمیوں کا پردہ فاش کیا۔ چھاپے کے دوران "اوکس فارم ہاؤس” میں منعقدہ پارٹی میں شامل 65 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 22 نابالغ اور 12 خواتین شامل تھیں۔
پولیس کے مطابق، چھاپہ ایک اطلاع کے بعد کیا گیا تھا کہ فارم ہاؤس میں غیر قانونی منشیات کی پارٹی جاری ہے۔ موقع پر پہنچنے پر اہلکاروں نے دیکھا کہ شرکاء نشے میں مبتلا تھے۔
پارٹی کی تشہیر انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کی گئی تھی،یہ ایک حیدرآباد کے DJ کے زیر انتظام تھی۔ انٹری کے لیے ٹکٹ ایک شخص کے لیے 1600 روپے اور جوڑوں کے لیے 2800 روپے میں دستیاب تھے، جس کے باعث بڑی تعداد میں افراد جمع ہوئے۔
گرفتار افراد کے خون کے ٹیسٹ سے تصدیق ہوئی کہ کم از کم دو افراد نے گانجا (مارجوانا) استعمال کیا تھا۔ ان میں ایک شخص ایشان ہے، جو اس پارٹی کا منتظم تھا۔ پولیس کے مطابق، ایشان ایک کالج کا طالب علم ہے جو 2024 میں کینیڈا سے بھارت آیا تھا اور منشیات کا باقاعدہ صارف ہے۔ اس کے والد کینیڈا میں مقیم ہے۔
چھاپے کے دوران پولیس نے فارم ہاؤس سے 10 بوتل غیر ملکی شراب برآمد کی۔معین آباد کے انسپکٹر جی پاوان کمار ریڈی نے بتایا کہ ایک کیس NDPS ایکٹ کی دفعہ 27 کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں غیر قانونی پارٹی اور منشیات استعمال کے الزامات شامل ہیں۔ پولیس نے گرفتاریوں کے بعد تمام نابالغوں کے والدین کو بھی اطلاع دی ہے۔
اس سے پہلے اگست میں، تلنگانہ پولیس کی خصوصی یونٹ "EAGLE” نے حیدرآباد میں ایک ریو پارٹی پر چھاپہ مار کر چھ افراد کو گرفتار کیا تھا، جن میں ایک ٹیکنیشن اور ایک ہاؤس وائف بھی شامل تھے۔ اس دوران پولیس نے 20 گرام کوکین، آٹھ ایکسٹسی گولیاں اور تین گرام MDMA برآمد کیے تھے۔



