خاندانی جھگڑے نے چھین لیں تین زندگیاں:جوڑے نے ڈیڑھ سالہ بیٹے سمیت ٹرین کے نیچے آ کر خودکشی کر لی، دادی کو دل کا دورہ
یہ اندوہناک واقعہ رات تقریباً 11 بجے کڑپہ ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا۔
کڑپہ/آندھراپردیش :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں تین افراد کی جانیں گئیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک ڈیڑھ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاندانی جھگڑے کے بعد ایک جوڑے اور ان کے ڈیڑھ سالہ بیٹے نے مال بردار ٹرین کے سامنے چھلانگ لگا کر اپنی جان لے لی۔ پورا خاندان سوگ میں ہے اور علاقہ غم میں ڈوبا ہوا ہے۔
یہ اندوہناک واقعہ رات تقریباً 11 بجے کڑپہ ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا۔ اتوار کی رات جب پٹریوں پر کھڑے ایک خاندان کو ٹرین نے ٹکر ماری تو ٹکر اتنی شدید تھی کہ نعشیں پٹریوں پر بکھر گئیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے رمز اسپتال منتقل کیا۔
پولیس کے مطابق مرنے والوں کی شناخت 35 سالہ سری رامولو، 30 سالہ سریشا اور ان کے ڈیڑھ سالہ بیٹے ریتھوک کے طور پر کی گئی ہے۔
ابتدائی معلومات کے مطابق اس شام جوڑے کے درمیان شدید بحث ہوئی تھی۔ اس دوران سریرامولو کی دادی نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں کو ڈانٹا۔ دادی کی ڈانٹ سے دلبرداشتہ ہو کر یہ جوڑا اپنے بچے کے ساتھ گھر سے نکل گیا اور کچھ دیر بعد ٹرین کے سامنے کود کر اپنی جان دے دی۔
مقامی ذرائع کے مطابق جب خاندان کو اس واقعے کی اطلاع ملی تو سریرامولو کی دادی کو دل کا دورہ پڑا اور ان کی بھی موت ہوگئی۔ یوں ایک ہی خاندان سے چند گھنٹوں میں چار جانیں ضائع ہوگئیں۔پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔



