بین ریاستی خبریں

راجستھان اردو اکادمی کے جے پور مشاعرے میں ڈاکٹر قاضی قمر سرور فاروقی کی پذیرائی

خوشبوؤں کی شام، خواتین کے نام – جے پور میں شاندار مشاعرہ

پربھنی (سید یوسف) عالمی یوم خواتین کے موقع پر راجستھان اردو اکیڈمی، جے پور نے ’’خوشبوؤں کی شام، خواتین کے نام‘‘ ایک شان دار کل ہند خواتین مشاعرے کا انعقاد کیا۔

اکیڈمی کے سکریٹری معظم علی نے بتایا کہ اس مشاعرے میں ملک بھر کی معروف شاعرات نے شرکت کی، جن میں پربھا ٹھاکر (جے پور)، ملکہ نسیم (جے پور)، حنا تیموری (آگرہ)، انا دہلوی (دہلی)، صبا بلرام پوری (لکھنؤ)، ڈاکٹر قاضی قمر سرور فاروقی (احمد نگر، مہاراشٹر)، شبانہ شبنم (اجین)، فوزیہ رباب (گوا)، جیوتی آزاد (گوالیار)، مہر ماہی (بانسواڑہ) اور زینت کیفی (جے پور) شامل تھیں۔

یہ مشاعرہ رویندر منچ، رام نواس باغ، جے پور کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا، جہاں سامعین نے بطور خاص گوا کی مشہور شاعرہ فوزیہ رباب اور مہاراشٹر کے احمد نگر ضلع سے آئی ڈاکٹر قاضی قمر سرور فاروقی کو بھرپور داد و تحسین سے نوازا۔

اس موقع پر فوزیہ رباب نے خواتین کے حوالے سے اپنی نظم اور غزلیں پیش کیں۔ ڈاکٹر قاضی قمر سرور فاروقی نے بھی خواتین کے حوالے سے کئی اشعار اور غزلیں سنائیں۔ جب انہوں نے اپنا کلام
"رزق اپنا وہ لائے گی بیشک بن کے رحمت وہ چھائے گی بیشک
رب کی اطاعت ہی اصل عظمت ہے پیٹ میں قتل تو ذلالت ہے”

پڑھا تو سامعین نے خوب داد و تحسین دی۔

اسی طرح، جب انہوں نے اپنی ایک اور غزل کے اشعار
"کسی کی چاہ میں ہم ڈوبتے اُبھرتے رہے تمام عمر سمندر ہمارے ساتھ رہا”
"یہی تو ایک ہنر سے جلے ہیں لوگ قمر کہ مفلسی میں بھی تیور ہمارے ساتھ رہا”

پیش کیے تو پورا ہال تالیوں کی گڑگڑاہٹ سے گونج اٹھا اور سامعین نے بے حد سراہا۔

مشاعرے کی صدارت ریاستی حقوق انسانی کمیشن راجستھان کے صدر گوپال کرشن ویاس نے کی، جبکہ اس کا افتتاح ڈویژنل کمشنر جے پور، ڈاکٹر سمت شرما (ایڈمنسٹریٹر، راجستھان اردو اکیڈمی، جے پور) نے کیا۔

اس کے علاوہ، مہمانِ اعزازی محمد یوسف (سابق صدر، راجستھان وقف بورڈ) اور مہمانِ خصوصی رفیق خان (ایم ایل اے، راجستھان) نے بھی اس موقع پر خوشگوار تاثرات کا اظہار کیا۔

مشاعرے کی نظامت کے فرائض مشہور شاعر معین شاداب نے انجام دیے۔ اس موقع پر اردو ادب کے شائقین کی کثیر تعداد موجود تھی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button