دہلی کے روہنی میں بہار کے خطرناک گینگ کا صفایا، رنجن پاٹھک سمیت چار بدنام زمانہ بدمعاش ہلاک
دہلی میں بہار کے خطرناک گینگ کا خاتمہ،
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)دہلی کے روہنی علاقے میں پولیس نے ایک بڑی کارروائی انجام دی ہے۔ بہار پولیس اور دہلی پولیس کی مشترکہ مہم میں چار خطرناک بدمعاشوں کو ہلاک کر دیا گیا، جن میں مشہور گینگ لیڈر رنجن پاٹھک بھی شامل ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ گروہ بہار انتخابات کے دوران دہشت پھیلانے اور بڑے مجرمانہ منصوبے پر عمل کرنے والا تھا۔
بہار کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سگما اینڈ کمپنی کے نام سے سرگرم یہ گینگ گزشتہ چھ برسوں سے سیتا مڑھی اور اطراف کے علاقوں میں کئی سنگین جرائم کو انجام دے چکا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ رنجن پاٹھک اور اس کے ساتھی کرائے کے قاتلوں کے طور پر مختلف قتل اور اغوا کے کیسز میں مطلوب تھے۔
ڈی جی پی کے مطابق، اس گینگ نے حال ہی میں برہمرشی سماج کے ضلع صدر گنیش شرما کا قتل کیا تھا، جس کے بعد علاقے میں کشیدگی اور عوامی غصہ پیدا ہوگیا۔ قتل کے بعد رنجن اور اس کے ساتھی دہلی فرار ہو گئے تھے۔ خفیہ اطلاع ملنے پر بہار پولیس نے دہلی پولیس کی کرائم برانچ سے رابطہ کیا اور مشترکہ کارروائی کی منصوبہ بندی کی۔
ذرائع کے مطابق، 22 اور 23 اکتوبر کی درمیانی رات تقریباً 2:20 بجے پولیس نے بہادر شاہ مارگ سے پن سلی چوک کے درمیان کارروائی کی۔ پولیس کو دیکھ کر بدمعاشوں نے فرار ہونے کی کوشش کی، مگر فورس نے انہیں گھیر لیا۔
اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں چاروں بدمعاش شدید زخمی ہوگئے۔ انہیں فوری طور پر ڈاکٹر بی ایس اے اسپتال، روہنی لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔
انکاؤنٹر میں دہلی پولیس کرائم برانچ کے انسپکٹر اروند، ایس آئی منیش، ایس آئی نوین اور ایک دیگر افسر کی بلٹ پروف جیکٹس پر گولیاں لگی ہیں، تاہم وہ محفوظ ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی بہار میں جرائم کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کی سمت ایک بڑی کامیابی ہے۔ڈی جی پی نے کہا کہ "رنجن پاٹھک گینگ کا خاتمہ بہار پولیس کی ایک بڑی جیت ہے۔ اس سے ریاست میں انتخابی ماحول محفوظ رہے گا اور عوام میں اعتماد بحال ہوگا۔”



