بین ریاستی خبریں

اعظم خان کے پوسٹر پر سیاہی پھینکنے کا واقعہ، شیو سینا کے چار لیڈروں کے خلاف مقدمہ درج

بستی میں سیاسی کشیدگی میں اضافہ

نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اتر پردیش کے بستی ضلع میں اس وقت سیاسی ماحول گرما گیا جب سماجوادی پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق کابینہ وزیر اعظم خان کے پوسٹر پر سیاہی پھینکنے کا واقعہ پیش آیا۔ دو سال سے زائد جیل میں قید رہنے کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں واپسی کرنے والے اعظم خان کے خلاف یہ حرکت شیو سینا کے کارکنوں کی جانب سے کی گئی بتائی جا رہی ہے۔

پولیس کے مطابق، اس معاملے میں شیوسینا کے چار مقامی لیڈروں پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ شکایت سماجوادی یووجن سبھا کے ضلع صدر وپن کمار ترپاٹھی نے درج کرائی، جنہوں نے الزام لگایا کہ شیو سینا کارکنوں نے جان بوجھ کر فرقہ وارانہ ہم آہنگی بگاڑنے کے ارادے سے یہ حرکت کی۔

ترپاٹھی کے مطابق، دیوالی اور چھٹھ پوجا کے موقع پر شہر کے نرملی کنڈ علاقے میں مبارکبادی پیغامات والے ہورڈنگز لگائے گئے تھے جن میں اعظم خان سمیت کئی پارٹی رہنماؤں کی تصاویر شامل تھیں۔ شام کے وقت شیو سینا کے پرمود پانڈے، آشیش گپتا، نریندر دوبے، وویک بگھیل اور ان کے چند ساتھیوں نے مل کر اعظم خان کی تصویر پر سیاہی پھینک دی۔

اس واقعے کے بعد سماجوادی پارٹی کے مقامی لیڈروں اور کارکنوں نے شدید احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیو سینا کے لیڈروں نے صرف ایک سیاسی شخصیت کی توہین نہیں کی بلکہ سماج میں امن و بھائی چارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔

پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے۔ تھانہ پرانی بستی کے انچارج مہیش سنگھ نے بتایا کہ "معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے، اور قصورواروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔”

اس واقعے کے بعد ضلع میں سیاسی کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ سماجوادی پارٹی کے کارکنوں نے شیو سینا کے اقدام کو "فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کی کوشش” قرار دیا ہے۔ دوسری جانب، شیو سینا کی جانب سے اس واقعے پر تاحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں سماجوادی پارٹی نے بہار اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے اسٹار کمپینروں کی فہرست جاری کی ہے، جس میں پارٹی کے بانی رہنما اعظم خان کا نام بھی شامل ہے۔ ایسے میں ان کے پوسٹر پر سیاہی پھینکنے کا واقعہ سیاسی معنویت اختیار کر گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button