’’ہمارے پاس اتنے ایٹمی ہتھیار ہیں کہ ہم دنیا کو 150 بار تباہ کر سکتے ہیں‘‘ — ڈونالڈ ٹرمپ
’ہم تباہی کی طاقت رکھتے ہیں، لیکن امن چاہتے ہیں‘ — ٹرمپ
واشنگٹن: (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز)امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے چین سے متعلق ایک تہلکہ خیز بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کے پاس اتنے ایٹمی ہتھیار ہیں کہ وہ دنیا کو 150 بار تباہ کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین تیزی سے اپنی جوہری طاقت میں اضافہ کر رہا ہے جو مستقبل میں عالمی توازن کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
ٹرمپ نے واضح کیا کہ ’’جیسے چین امریکہ کے لیے خطرہ ہے، ویسے ہی امریکہ بھی چین کے لیے خطرہ ہے۔ ہم انہیں دیکھ رہے ہیں، وہ ہمیں دیکھ رہے ہیں۔‘‘ ان کے مطابق موجودہ دور میں دنیا میں سب سے بڑی مسابقت امریکہ اور چین کے درمیان ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چین نہ صرف معیشت بلکہ دفاعی ٹیکنالوجی میں بھی غیر معمولی رفتار سے ترقی کر رہا ہے۔ ان کے مطابق چین آئندہ پانچ برسوں میں امریکہ اور روس کے جوہری سطح کے قریب پہنچ سکتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور چین کے صدر شی جنپنگ دونوں سے تخفیف اسلحہ (nuclear disarmament) کے حوالے سے گفتگو کی ہے۔
ٹرمپ نے کہا، ’’اگر امریکہ، روس اور چین مشترکہ طور پر ایٹمی ہتھیاروں کی تعداد میں کمی لانے پر متفق ہو جائیں، تو یہ دنیا کے لیے امن کا سب سے بڑا پیغام ہوگا۔‘‘
’ہم تباہی کی طاقت رکھتے ہیں، لیکن امن چاہتے ہیں‘ — ٹرمپ
امریکی صدر نے زور دے کر کہا کہ ایٹمی دوڑ خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے۔ان کے بقول، ’’ہمارے پاس دنیا کے سب سے زیادہ جوہری ہتھیار موجود ہیں۔ روس دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ چین تیزی سے تیسرے مقام سے اوپر آ رہا ہے۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’یہ حقیقت ہے کہ ہمارے پاس اتنی تباہ کن طاقت ہے کہ دنیا کو 150 بار نیست و نابود کیا جا سکتا ہے۔ اسی لیے اب وقت آ گیا ہے کہ تمام ممالک سنجیدگی کے ساتھ جوہری ہتھیاروں میں کمی کے لیے قدم بڑھائیں۔‘‘
اپنے حالیہ جوہری تجربے کے دفاع میں ٹرمپ نے کہا کہ ’’چین اور روس بھی اپنے ایٹمی تجربات کر رہے ہیں، بس دنیا کو اس کا علم نہیں ہوتا۔‘‘ان کا کہنا تھا کہ بڑی طاقتوں کو تصادم کے بجائے تعاون اور اعتماد سازی کی راہ اپنانی چاہیے تاکہ دنیا کو ممکنہ ایٹمی خطرے سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ٹرمپ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ اب وقت ہے کہ تمام ممالک ایٹمی ہتھیاروں کے ذخائر میں کمی کریں۔ان کے مطابق، ’’اگر ہم واقعی انسانیت کے مستقبل کے بارے میں سنجیدہ ہیں، تو ہمیں اس دوڑ کو روکنا ہوگا۔ یہ جنگ کی نہیں بلکہ امن کی دوڑ ہونی چاہیے۔‘‘
Trump on 60 Minutes: “We Have Enough Nuclear Weapons to Blow Up the World 150 Times” pic.twitter.com/Qpf88ywLrC
— Video Büfe 📹 (@videobufe) 3 نومبر، 2025



