تلنگانہ کی خبریں

تلنگانہ میں ایک بار پھر بارش کا الرٹ، محکمہ موسمیات کی وارننگ

محکمۂ موسمیات نے ایک اور موسمی الرٹ (Telangana Weather) جاری کردیا

حیدرآباد (اردو دنیا نیوز / ایجنسیز):حال ہی میں مونتھا طوفان (Montha Cyclone) کی تباہ کاریوں سے تلنگانہ کے کئی اضلاع بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ ورنگل اور ہنمکنڈہ جیسے اضلاع مکمل طور پر پانی میں ڈوب گئے تھے۔ لوگ ابھی اس تباہی سے سنبھل ہی رہے تھے کہ محکمۂ موسمیات نے ایک اور موسمی الرٹ (Telangana Weather) جاری کردیا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق، آئندہ تین دنوں کے دوران ریاست کے مختلف اضلاع میں ہلکی سے درمیانی درجے کی بارش ہونے کا امکان ہے۔ اتوار کو ودربھ (مہاراشٹر کا مشرقی علاقہ) اور اس کے اطراف میں موجود سطحی دباؤ (Surface Trough) اگرچہ کمزور پڑ چکا ہے، تاہم اس کے اثرات تلنگانہ کے موسم پر اب بھی نمایاں ہیں۔

پیر کی دوپہر حیدرآباد میں اچانک موسلادھار بارش سے سڑکوں پر پانی بھر گیا۔ کئی مقامات پر ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق، منگل اور بدھ کو بھی کئی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمۂ موسمیات نے بتایا کہ چند اضلاع میں 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش (Thunderstorms) ہونے کا خدشہ ہے۔

مونتھا طوفان کے دوران کئی اضلاع میں فصلیں تباہ ہوئیں اور کھیت پانی میں ڈوب گئے۔ اس کے پیشِ نظر محکمۂ زراعت نے کسانوں (Farmers Advisory) کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں کو محفوظ رکھنے کے اقدامات کریں۔اگر کھیتوں کے قریب دھان یا اناج رکھا ہو تو اسے فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کریں۔علاوہ ازیں، غیر ضروری طور پر کھیتوں یا کھلے مقامات پر جانے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔محکمۂ موسمیات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ چند دن محتاط رہیں، بجلی کے کھمبوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور موسمی اپڈیٹس پر نظر رکھیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button