قومی خبریں

سوڈان میں اڑیسہ کے شخص کو آر ایس ایف ملیشیا نے اغوا کر لیا

’’میرے شوہر کو واپس لایا جائے‘‘، آدرش کی اہلیہ سُسمِتا کا حکومت سے مطالبہ۔

خرطوم/نئی دہلی: (اردو دنیا نیوز / ایجنسیز)جنگ زدہ سوڈان میں جاری پرتشدد جھڑپوں کے دوران ایک بھارتی شہری کو اغوا کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، اڑیسہ کے جگت سنگھ پور ضلع سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ آدرش کو رپیڈ سپورٹ فورسز (RSF) ملیشیا نے اغوا کر لیا ہے۔

اغوا سے متعلق ایک ویڈیو بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں آدرش دو ملیشیا ارکان کے درمیان بیٹھے نظر آرہے ہیں۔ ویڈیو میں ایک شخص سے مذاقاً پوچھتا ہے، ’’کیا تمہیں شاہ رخ خان معلوم ہے؟‘‘ یہ ویڈیو سوڈان کے حالات پر عالمی سطح پر توجہ مبذول کرا رہی ہے۔

گذشتہ دو برسوں سے سوڈان میں سوڈانی مسلح افواج (SAF) اور آر ایس ایف ملیشیا کے درمیان خانہ جنگی جاری ہے، جس میں اب تک ہزاروں لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ اسی پس منظر میں ایک غیر ملکی شہری کا اغوا ہونا انتہائی تشویشناک سمجھا جا رہا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق،آدرش کو ال فشیر نامی شہر سے اغوا کیا گیا جو سوڈان کے دارالحکومت خرطوم سے تقریباً 1000 کلومیٹر دور واقع ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں جنوبی دارفور کے دارالحکومت نیالا منتقل کیا جا سکتا ہے۔

آدرش  2022 سے سوڈان میں سُکاراتی پلاسٹک فیکٹری میں ملازمت کر رہے تھے۔ ان کی اہلیہ سُسمِتا نے میڈیا کو بتایا کہ دو دنوں سے ان کے شوہر سے کوئی رابطہ نہیں ہو پا رہا۔ انہوں نے اڑیسہ حکومت اور بھارتی وزارت خارجہ سے اپیل کی ہے کہ ان کے شوہر کو بحفاظت واپس لانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

اس واقعے نے سوڈان میں کام کرنے والے بھارتی شہریوں کی سلامتی کے حوالے سے نئے خدشات کو جنم دیا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اس معاملے پر سوڈانی حکام سے رابطہ کیا ہے اور آدرش کی واپسی کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button