تلنگانہ کی خبریں

کھمم کے نوجوان کی قسمت چمک اٹھی، متحدہ عرب امارات میں 240 کروڑ روپے کی لاٹری جیت لی

کھمم کے ٹیکنالوجی ماہر نے متحدہ عرب امارات کی لاٹری میں 240 کروڑ روپے جیت لیے

کھمم:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) متحدہ عرب امارات میں قسمت کے کھیل نے ایک بھارتی نوجوان کی زندگی بدل دی۔ ریاست تلنگانہ کے ضلع کھمم کے بھیمورم گاؤں سے تعلق رکھنے والے آئی ٹی پروفیشنل بولا انیل کمار نے ابو ظہبی میں منعقدہ لاٹری میں 100 ملین درہم (تقریباً 240 کروڑ روپے) جیت لیے۔ یہ ڈرا 18 اکتوبر کو منعقد ہوا تھا۔

انیل کمار کے والد بولا مادھوا راؤ اور والدہ بھولا کشمی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنے بیٹے کی جیت کی خبر سن کر بے حد خوشی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ "اللہ کی مہربانی” ہے اور وہ نہیں جانتے کہ انیل اس خطیر رقم کا کیا کرے گا۔

مادھوا راؤ، جو پیشے سے کسان ہیں، نے بتایا کہ ان کا بیٹا انیل کمار بھیمورم کے سرکاری اسکول سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد گنٹور سے پولی ٹیکنک کیا اور پھر حیدرآباد سے بی ٹیک کی ڈگری حاصل کی۔ حیدرآباد میں ملازمت کے دوران ہی اسے متحدہ عرب امارات میں نوکری ملی اور وہ دو سال قبل ابو ظہبی منتقل ہوا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ انیل نے لاٹری ٹکٹ اپنی ماں کی تاریخ پیدائش کے نمبر پر خریدا تھا۔ یہی نمبر اس کے لیے خوش نصیبی کی علامت بن گیا۔

اس کی جیت کی خبر پورے گاؤں میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ لوگ بڑی تعداد میں اس کے والدین کو مبارکباد دینے گھر پہنچنے لگے۔ انیل کے چچا نرسمہا راؤ نے بتایا کہ پورا خاندان خوشی سے سرشار ہے اور رشتہ داروں کی طرف سے مسلسل فون کالز آرہی ہیں۔

نرسمہا راؤ کے مطابق، انیل کمار ایک محنتی نوجوان ہے، جو چھٹیوں میں جب بھی گاؤں آتا ہے تو کھیتوں میں اپنے والد کی مدد کرتا ہے۔ گاؤں کے لوگ اب اس کے خاندان کو مزید عزت و احترام کی نظر سے دیکھ رہے ہیں۔

ابو ظہبی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انیل کمار نے کہا کہ وہ اپنی کامیابی کا جشن کسی سات ستارہ ہوٹل یا ریزورٹ میں منانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ اس نے مزید کہا کہ وہ ایک سپر کار خریدنا چاہتا ہے اور اپنے والدین کو یو اے ای بلا کر ان کے خواب پورے کرے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button