تلنگانہ کی خبریں

مولانا ابوالکلام آزادؒ کی یومِ پیدائش پر قومی یومِ تعلیم پروگرام، سنگاریڈی میں شاندار تقریب کا انعقاد

آزادی کے بعد مولانا آزادؒ نے تعلیم کو قومی ترقی کا بنیادی ستون قرار دیا اور جدید تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھی۔

سنگاریڈی، 11 نومبر:(ای میل)مولانا ابوالکلام آزادؒ کی یومِ پیدائش کے موقع پر گورنمنٹ ڈگری کالج برائے نسواں سنگاریڈی میں قومی یومِ تعلیم کے عنوان سے ایک پُروقارتقریب منعقد کی گئی۔ اس موقع پر طالبات نے تقاریر اور تحریری مقابلوں میں حصہ لیتے ہوئے مولانا آزادؒ کی علمی، سیاسی اور قومی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

پروگرام کا آغاز طالبات کی پرجوش تقاریر سے ہوا، جس کے بعد کالج کے وائس پرنسپل ڈاکٹر رام ریڈی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مولانا آزادؒ نہ صرف ایک عظیم عالم، مفکر اور مصنف تھے بلکہ انہوں نے آزادی کی تحریک میں نمایاں کردار ادا کیا۔

آئی کیو اے سی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ورالکشمی نے کہا کہ آزادی کے بعد مولانا آزادؒ نے تعلیم کو قومی ترقی کا بنیادی ستون قرار دیا اور جدید تعلیمی اداروں کی بنیاد رکھی۔

شعبہ تاریخ کے لکچرر محمد نعیم الدین نے کہا کہ مولانا آزادؒ برصغیر کے ان نامور رہنماؤں میں شامل ہیں جنہوں نے علم، سیاست اور قومی یکجہتی کے میدانوں میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ وہ ہمیشہ قوم کے مفاد کو ذاتی مفاد پر ترجیح دیتے رہے۔

ڈاکٹر گیتا سری نے اپنے خطاب میں بتایا کہ مولانا آزادؒ جیل میں رہتے ہوئے بھی قوم کے تعلیمی مستقبل کے لیے منصوبہ بندی کرتے رہے، اور آزادی کے بعد وہ آزاد بھارت کے پہلے وزیر تعلیم مقرر ہوئے۔

پروگرام کنوینر ڈاکٹر عائشہ بیگم نے کہا کہ مولانا آزادؒ نے ہمیشہ ہندو مسلم اتحاد پر زور دیا اور دو قومی نظریے کی سخت مخالفت کی۔ ان کے نزدیک ملک کی آزادی سب کے اشتراک سے ممکن ہے۔

ڈاکٹر راجیش نے تعلیم کے ساتھ قائدانہ صلاحیتوں کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مولانا آزادؒ انڈین نیشنل کانگریس کے سب سے کم عمر صدر (1923) منتخب ہوئے اور قوم کو علم، اتحاد اور قربانی کا پیغام دیا۔

محترمہ ٹی نویا میڈم نے طالبات کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آزادؒ کی قیادت میں قوم نے حب الوطنی، اتحاد اور قربانی کا سبق سیکھا۔

تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔ پروگرام میں کالج کے اساتذہ، طلبہ اور معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔


🌍 تازہ ترین خبریں، اپڈیٹس اور دلچسپ معلومات حاصل کریں!
🔗 اردو دنیا نیوز واٹس ایپ گروپ: https://whatsapp.com/channel/0029Vak6CXMBqbrGx1IZGA16

متعلقہ خبریں

Back to top button