بین ریاستی خبریں

کیرالہ وزیر اعلیٰ پینارائی وجین نے جماعتِ اسلامی اور ہندوتوا تنظیموں کی سوچ کو "ایک جیسا” قرار دیا

دونوں کی نظریاتی بنیادیں ایک جیسی ہیں-کیرالہ وزیر اعلیٰ

نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)کیرالہ کے وزیرِ اعلیٰ پینارائی وجین نے جماعتِ اسلامی ہند اور ہندوتوا تنظیموں پر بھرپور تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں کی نظریاتی بنیادیں ایک جیسی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے انتخابی فائدے کے لیے جماعتِ اسلامی کے ساتھ اتحاد کر کے ’’خودکشی‘‘ جیسا سیاسی قدم اٹھایا ہے۔

جمعہ کو ایرنکلّم پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پینارائی وجین نے کہا کہ جماعتِ اسلامی کیرالہ میں نہ تو روایتی تنظیم ہے اور نہ ہی اسے مسلمان برادری کی وسیع حمایت حاصل ہے۔ ان کے مطابق کیرل کی مسلم کمیونٹی میں سنی، مجاہد اور دیگر گروہ شامل ہیں اور ان میں سے بیشتر جماعتِ اسلامی کی فکر سے اتفاق نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ یو ڈی ایف کے ووٹر جماعتِ اسلامی کی اس سوچ کو قبول نہیں کریں گے، اور کانگریس نے محض ووٹوں کی خاطر ایک ایسا اتحاد کیا ہے جسے ’غیر مقدس‘ کہنا بجا ہوگا۔

پینارائی وجین نے سیاسی اسلام اور ہندوتوا نظریات کو ایک جیسا قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں مذہب پر مبنی قوم پرستی کا پرچار کرتے ہیں اور حکومت کو مذہبی نظریات کے مطابق چلانے کی سوچ رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق:”سیاسی اسلام پسند اور ہندوتوا نظریہ رکھنے والے — دونوں ایک ہی ذہنیت کے حامل ہیں۔ چاہے وہ ایک دوسرے کی مخالفت کریں، لیکن کئی مواقع پر ایک دوسرے کے قریب آتے رہے ہیں۔”

انہوں نے ابوالاعلیٰ مودودی کی تحریروں کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ جماعتِ اسلامی نے بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش میں مسلم معاشروں میں تقسیم پیدا کی۔ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2011 میں جماعتِ اسلامی کی سیاسی شاخ ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کے آغاز کے وقت تنظیم سے باہر موجود واحد شخص بی جے پی اقلیتی محاذ کے رہنما ڈاکٹر جے کے جین تھے۔پینارائی وجین نے یہ بھی کہا کہ جماعتِ اسلامی نے 2023 میں آر ایس ایس سے بات چیت کی تھی۔

ادھر حکومتی کاموں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ ساڑھے نو سال میں کیرل کے پبلک ڈسٹری بیوشن سسٹم کو مضبوط بنانے پر 10 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کیے گئے۔ کچھ چاول مل مالکان کے عدم تعاون کے باعث حکومت نے پالکّاڈ میں کسانوں کی کوآپریٹو سوسائٹیوں کے ذریعے براہِ راست خریداری کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا ہے۔پینارائی وجین کے مطابق موجودہ ملکی حالات میں سیکولرزم، وفاقیت اور آئینی اقدار کے تحفظ کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی ایف حکومت ہمیشہ ان اصولوں کی محافظ رہے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button