قومی خبریں

جواہر لعل نہرو کی توہین کے منظم منصوبے کا الزام، سونیا گاندھی کی بی جے پی پر سخت تنقید

یہی نظریہ ماضی میں مہاتما گاندھی کے قاتلوں کی بھی حمایت کرتا رہا ہے

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کانگریس پارلیمانی پارٹی (CPP) کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے جواہر لعل نہرو کی وراثت کو ’’مسخ، مجروح اور بدنام‘‘ کرنے کی کوششوں پر بی جے پی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف تنقید نہیں بلکہ ’’تاریخ کو دوبارہ لکھنے اور بھارت کی بنیادوں کو کمزور کرنے کا منظم منصوبہ‘‘ ہے۔

جواہر بھون میں نہرو سینٹر انڈیا کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران جماعت کا مقصد صرف نہرو کو تاریخ سے مٹانا نہیں بلکہ بھارت کی وہ سماجی، سیاسی اور معاشی عمارت گرانا ہے جس کی تعمیر میں نہرو نے بنیادی کردار ادا کیا۔

سونیا گاندھی نے واضح کیا:’’یہ منصوبہ صرف ایک شخصیت کو کمزور کرنے کا نہیں، بلکہ ان کی جدوجہدِ آزادی میں مرکزی حیثیت، ملک کی تعمیرِ نو میں ان کی قیادت اور ان کی ہمہ جہتی وراثت کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔‘‘

انہوں نے اس مہم کو ایسی ’’فرقہ وارانہ اور متعصب نظریاتی طاقتوں‘‘ سے جوڑا، جنہوں نے نہ تو آزادی کی تحریک میں حصہ لیا اور نہ ہی آئین سازی کے عمل میں کوئی کردار ادا کیا۔سونیا گاندھی نے یاد دلایا کہ یہی نظریہ ماضی میں مہاتما گاندھی کے قاتلوں کی بھی حمایت کرتا رہا ہے اور فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دے کر ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا:’’تحلیل و جائزہ اپنی جگہ، لیکن نہرو کے اقوال اور کاموں کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا سراسر بدنیتی ہے اور ناقابل قبول ہے۔‘‘

کانگریس رہنما نے اپیل کی کہ وہ اس ’’خطرناک منصوبے‘‘ کے خلاف کھڑے ہوں اور ملک کی جمہوری اقدار، رواداری اور تاریخی سچائی کا دفاع کریں۔انہوں نے کہا:’’آگے کا راستہ مشکل ضرور ہے لیکن ہمیں مشترکہ طور پر اس منصوبے کا مقابلہ کرنا ہے۔ یہ صرف نہرو اور ان کے ساتھیوں کی میراث کا معاملہ نہیں، بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کا سوال ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

Back to top button