مسجد نبویؐ میں روضۂ رسول ﷺ کی زیارت اور ریاض الجنۃ کے نئے اوقات کا اعلان
مسجد نبویؐ میں زیارت کے اوقات میں تبدیلی، نیا شیڈول جاری
مدینہ منورہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ادارۂ امورِ حرمین شریفین نے مسجد نبویؐ میں روضۂ رسول ﷺ کی زیارت اور ریاض الجنۃ میں نوافل کی ادائیگی کے لیے نئے اوقات کار کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ نئے اوقات کے مطابق مرد و خواتین کے شیڈول میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ زائرین کو بہتر اور سہل انتظامات فراہم کیے جا سکیں۔
مردوں کے لیے نئے اوقات زیارت
ادارۂ امورِ حرمین کے مطابق مرد زائرین کے لیے روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کا وقت درج ذیل ہو گا:
شب 2 بجے سے نمازِ فجر تک
دن 11 بجے سے نمازِ عشاء تک
مزید یہ کہ جمعہ کے دن مرد زائرین نمازِ جمعہ کے بعد سے عشاء تک زیارت کر سکیں گے۔
خواتین کے لیے نئے اوقات زیارت
عمومی صدارت برائے امورِ حرمین نے بتایا کہ خواتین کے لیے زیارت کا وقت یہ ہو گا:
نمازِ فجر کے بعد سے صبح 11 بجے تک
نمازِ عشاء کے بعد سے رات 2 بجے تک
جمعہ کے دن خواتین نمازِ فجر کے بعد سے صبح 9 بجے تک زیارت کر سکیں گی۔
حرمین انتظامیہ کے مطابق نئے اوقات کا مقصد ہجوم کو منظم کرنا، رش کم کرنا اور زائرین کو زیادہ پرسکون انداز میں روضۂ رسول ﷺ کی زیارت اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیڈول میں یہ تبدیلیاں موجودہ حالات اور زائرین کی بڑھتی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہیں۔



