اتر پردیش میں انوکھا واقعہ، کار ڈرائیور کو ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانہ، بعد میں ہیلمٹ پہن کر گاڑی چلانے لگا
"میں کار چلا رہا تھا،پولیس نے مجھے ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانہ کر دیا۔"
آگرہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ریاست اتر پردیش کے ضلع آگرہ میں ایک دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک شخص کو کار چلاتے ہوئے ہیلمٹ پہنے دیکھا گیا۔ یہ انوکھا قدم اس وقت سامنے آیا جب مبینہ طور پر پولیس نے انھیں کار چلاتے ہوئے ہیلمٹ نہ پہننے پر 1,100 روپے کا چالان کردیا۔
گُلشن نامی شخص کا کہنا ہے کہ "میں کار چلا رہا تھا، سیٹ بیلٹ بھی لگائی ہوئی تھی، لیکن پھر بھی پولیس نے مجھے ہیلمٹ نہ پہننے پر جرمانہ کر دیا۔” انھوں نے بتایا کے یہ 26 نومبر کو پیش آیا۔
پیشہ سے استاد گلشن نے بتایا کہ وہ ایک قانون کی پابندی کرنے والے شہری ہیں، اس لیے چالان کے بعد انہوں نے احتیاطاً کار چلاتے ہوئے بھی ہیلمٹ پہننا شروع کر دیا ہے تاکہ دوبارہ چالان نہ ہو۔ ان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد صارفین نے حیرت اور طنز کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کے نفاذ میں موجود خامیوں پر سوالات اٹھائے۔
سوشل میڈیا پر اس واقعے پر خوب بحث جاری ہے اور لوگ اسے "انتہائی مضحکہ خیز” اور "سخت رویے کی مثال” قرار دے رہے ہیں۔ دوسری جانب مقامی حکام نے ابھی تک واقعے کی تصدیق یا وضاحت پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔



