بین الاقوامی خبریںسرورق

امارات میں وزٹ ویزا پر کام کرنا سنگین جرم، غیر قانونی افراد کو پناہ دینے پر کروڑوں کے جرمانے

متحدہ عرب امارات امیگریشن اور رہائشی قوانین میں سخت تبدیلیاں

دبئی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)متحدہ عرب امارات نے امیگریشن اور رہائشی قوانین میں سخت تبدیلیاں کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وزٹ ویزا پر کام کرنا، جعلی دستاویزات تیار کرنا، یا غیر قانونی افراد کو پناہ دینا اب سنگین جرم شمار ہوگا۔ نئی پالیسی کے تحت ایسے افراد کو بھاری جرمانے اور طویل قید کی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑے گا۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو رہائش دینا، چھپانا، یا ملازمت پر رکھنا اب انتہائی سنگین خلاف ورزی تصور ہوگی۔ اس جرم پر 50 لاکھ درہم تک جرمانہ عائد ہوسکتا ہے، جو بھارتی کرنسی میں تقریباً 38 کروڑ روپے بنتا ہے۔

امارات نے واضح کیا ہے کہ وزٹ ویزا رکھنے والے افراد کسی بھی قسم کا کام نہیں کر سکتے۔ اس خلاف ورزی پر 10 ہزار درہم جرمانہ ہوگا، جو بھارتی روپے میں تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار روپے بنتا ہے۔حکام کے مطابق یہ اقدام لیبر مارکیٹ میں نظم و ضبط اور اماراتی قوانین کے احترام کیلئے ضروری تھا۔

جعلی ویزے، جعلی رہائشی کارڈ یا غلط معلومات فراہم کرنے والوں کے لیے 10 سال تک قید کی سزا مقرر کی گئی ہے۔ اماراتی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات ملک کی سلامتی اور سماجی نظم کو محفوظ بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

امیگریشن حکام کے مطابق لیبر مارکیٹ کے تحفظ کے لیے ملک بھر میں قوانین پر سختی سے عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے۔ کسی بھی شہری، غیر ملکی، کمپنی یا ادارے کی جانب سے خلاف ورزی پر براہِ راست کارروائی کی جائے گی، اور کسی بھی سفارش یا رعایت کی گنجائش نہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button