وزن کم کرنے والے انجیکشن نے چین میں نوجوان خاتون کی حالت تشویشناک بنا دی
وزن کم کرنے والے انجیکشن لگانے کے بعد خون کی الٹیاں
شنگھائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)چین میں وزن کم کرنے والے مبینہ انجیکشنس کے استعمال نے ایک نوجوان خاتون کی زندگی خطرے میں ڈال دی۔ سوزو شہر کی 28 سالہ رہائشی خاتون نے سوشل میڈیا پر ایک دوست کی پوسٹ دیکھ کر وزن گھٹانے کے لیے تین انجیکشنس کا پیکج خریدا، جس کی قیمت تقریباً 900 یوان بتائی جاتی ہے۔ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ انجیکشن چند ہی دنوں میں وزن میں واضح کمی لاتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق خاتون نے انجیکشن کی مکمل خوراک استعمال نہیں کی بلکہ صرف آدھی مقدار لگائی، لیکن اس کے باوجود اس کی طبی حالت تیزی سے خراب ہونے لگی۔ بین الاقوامی میڈیا کا کہنا ہے کہ چار دن کے اندر 5 کلو وزن کم ہونے کے بعد اسے شدید الٹیاں ہونا شروع ہو گئیں، اور کچھ ہی دیر بعد خون کی الٹی بھی ہوئی۔ صورتحال بگڑنے پر گھر والوں نے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا۔
اسپتال میں کیے گئے معائنے سے معلوم ہوا کہ وزن کم کرنے والے انجیکشن نے خاتون کے نظامِ ہاضمہ کو سنگین نقصان پہنچایا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مکمل صحت یابی میں طویل وقت لگ سکتا ہے کیونکہ اندرونی اعضاء متاثر ہوئے ہیں۔
ماہرین نے اس واقعے کے بعد ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر فروخت کیے جانے والے ’فوری وزن کم کرنے‘ کے طریقے خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔ بغیر مستند طبی مشورے کے کسی بھی قسم کا وزن کم کرنے والا انجیکشن استعمال کرنا صحت کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔



