بین الاقوامی خبریں

میکسیکو میں خوفناک طیارہ حادثہ: ایمرجنسی لینڈنگ کے دوران پرائیویٹ جیٹ عمارت سے ٹکرا گیا، 10 افراد ہلاک

حادثے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد کی موت ہو گئی

میکسیکو :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)وسطی میکسیکو میں ایک دل دہلا دینے والا ہوائی حادثہ پیش آیا، جہاں ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کرنے والا ایک چھوٹا پرائیویٹ جیٹ رہائشی و صنعتی علاقے میں واقع ایک کمرشیل عمارت سے ٹکرا گیا۔ حادثے کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد کی موت ہو گئی، جب کہ پورا علاقہ خوف و ہراس کی لپیٹ میں آ گیا۔

میکسیکو اسٹیٹ سول پروٹیکشن کے مطابق یہ حادثہ سان میٹیو اٹینکو کے صنعتی زون میں پیش آیا، جو ٹولوکا ایئرپورٹ سے تقریباً 5 کلومیٹر اور میکسیکو سٹی سے قریب 50 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ بدقسمت طیارہ ساحلی شہر اکاپلکو سے پرواز کر کے ٹولوکا کی جانب آ رہا تھا۔

ابتدائی معلومات کے مطابق طیارے کو دورانِ پرواز فنی مسائل کا سامنا ہوا، جس کے بعد پائلٹ نے قریبی فٹ بال گراؤنڈ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کی۔ تاہم لینڈنگ سے چند لمحے قبل طیارہ ایک تجارتی عمارت کی لوہے کی چھت سے ٹکرا گیا، جس کے فوراً بعد زوردار دھماکے کے ساتھ آگ بھڑک اٹھی۔

حکام کے مطابق طیارے میں 8 مسافر اور 2 عملے کے ارکان سوار تھے۔ حادثے کے کئی گھنٹوں بعد تک صرف 7 نعشیں برآمد ہو سکی تھیں، جبکہ باقی افراد کی تلاش اور شناخت کا عمل جاری رہا۔ آگ کی شدت کے باعث امدادی کارروائی میں بھی مشکلات پیش آئیں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو ٹیمیں اور طبی عملہ موقع پر پہنچ گیا اور کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔ سان میٹیو اٹینکو کی میئر اینا منیز کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت آس پاس کے 130 سے زائد افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

انتظامیہ نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر سیکیورٹی سخت کر دی ہے، جبکہ سول ایوی ایشن اور تفتیشی اداروں نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آیا حادثہ تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا یا اس کے پیچھے کوئی اور وجہ ہے، اس کا حتمی فیصلہ تحقیق مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button