پین کارڈ میں ایڈریس تبدیلی اب مزید آسان، آدھار سے چند سیکنڈ میں اپڈیٹ ممکن
آدھار کے ذریعے پین کارڈ ایڈریس اپڈیٹ کرنے کا آن لائن طریقہ
پین کارڈ آج کے دور میں ہر شہری کے لیے نہایت ضروری دستاویز بن چکا ہے۔ بینک سے متعلق کام ہوں، تنخواہ کی وصولی، ٹیکس فائلنگ یا شناختی تصدیق، ہر جگہ پین کارڈ لازمی ہو گیا ہے۔ ایسے میں اگر کوئی شخص مکان تبدیل کرتا ہے یا کسی دوسرے شہر یا علاقے میں منتقل ہوتا ہے تو پین کارڈ میں ایڈریس اپڈیٹ کروانا بھی ضروری ہو جاتا ہے۔ اب اس عمل کو مزید آسان بنا دیا گیا ہے، کیونکہ آدھار کی مدد سے پین کارڈ کا ایڈریس صرف چند سیکنڈ میں آن لائن اپڈیٹ کیا جا سکتا ہے۔
پین کارڈ میں ایڈریس تبدیل کرنے کے لیے شہریوں کو NSDL کے آفیشیل پورٹل پر جانا ہوگا، جہاں “چینج یا کریکشن اِن پین ڈیٹا” کے آپشن پر کلک کر کے آدھار بیسڈ e-KYC کا انتخاب کرنا ہوتا ہے۔ اس کے بعد آدھار سے منسلک موبائل نمبر پر آنے والے OTP کی تصدیق کی جاتی ہے۔ تصدیق مکمل ہوتے ہی آدھار کارڈ میں درج ایڈریس خود بخود پین کارڈ میں اپڈیٹ ہو جاتا ہے۔ درخواست جمع ہونے کے بعد ایک ریفرنس نمبر فراہم کیا جاتا ہے، جس کی مدد سے اپڈیٹ اسٹیٹس چیک کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ اس سہولت کے لیے کسی اضافی دستاویز کی ضرورت نہیں ہوتی، بس آدھار کارڈ میں ایڈریس پہلے سے اپڈیٹ ہونا چاہیے۔ اس کے علاوہ آدھار اور پین کا آپس میں لنک ہونا اور آدھار کے ساتھ موبائل نمبر منسلک ہونا لازمی شرط ہے۔ اگر آدھار میں ایڈریس درست نہیں ہے تو پہلے اسے اپڈیٹ کروانا ہوگا، تب ہی پین کارڈ میں تبدیلی ممکن ہو پائے گی۔
پین کارڈ میں ایڈریس اپڈیٹ کروانے کے لیے صارف کو 96 روپے فیس ادا کرنی ہوتی ہے، جو نیٹ بینکنگ، یو پی آئی، ڈیبٹ یا کریڈٹ کارڈ اور ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ادا کی جا سکتی ہے۔ عمل مکمل ہونے کے فوراً بعد ای-پین کارڈ ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے، جبکہ پرنٹ پین کارڈ 10 سے 15 دن کے اندر پوسٹ کے ذریعے رجسٹرڈ ایڈریس پر ارسال کر دیا جاتا ہے۔



