دہلی سے ممبئی جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں تکنیکی خرابی، ٹیک آف کے فوراً بعد دہلی واپسی
ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد تکنیکی مسئلہ سامنے آیا،
نئی دہلی :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)دہلی سے ممبئی کے لیے روانہ ہونے والی ائیر انڈیا Air India کی پرواز AI887 کو پیر کی صبح اُس وقت واپس دہلی ہوائی اڈے کی طرف موڑ دیا گیا، جب ٹیک آف کے فوراً بعد طیارے کے ایک انجن میں تکنیکی خرابی کی اطلاع ملی۔ احتیاطی تدابیر کے تحت پائلٹوں نے پرواز جاری رکھنے کے بجائے ایئر ٹرن بیک کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق یہ پرواز بوئنگ 777 طیارے کے ذریعے انجام دی جا رہی تھی۔ طیارہ مختصر وقت تک فضا میں رہنے کے بعد صبح تقریباً 6:52 بجے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ پر بحفاظت واپس اتار لیا گیا۔ ایئرپورٹ پر پہلے ہی ہنگامی انتظامات مکمل کر لیے گئے تھے، جس کے باعث لینڈنگ کا عمل بغیر کسی مشکل کے انجام پایا۔
ایئر انڈیا کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹیک آف کے کچھ ہی دیر بعد تکنیکی مسئلہ سامنے آیا، جس پر معیاری حفاظتی ضابطوں کے مطابق طیارے کو واپس دہلی لایا گیا۔ لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کو مکمل طور پر محفوظ طریقے سے طیارے سے اتار لیا گیا۔
ترجمان کے مطابق Boeing 777 طیارے کی تکنیکی جانچ جاری ہے تاکہ خرابی کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے۔ اس دوران ایئر انڈیا نے مسافروں کو پیش آنے والی زحمت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں فوری سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور ممبئی پہنچانے کے لیے متبادل پروازوں کا انتظام کیا جا رہا ہے۔
فضائی ماہرین کے مطابق ایسے معاملات میں ایئر ٹرن بیک کا فیصلہ عالمی ہوابازی کے اصولوں کے عین مطابق ہوتا ہے، کیونکہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ ہمیشہ اولین ترجیح ہوتا ہے۔ اس واقعے میں بھی بروقت فیصلے اور مؤثر انتظامات کے باعث کسی جانی نقصان یا بڑے حادثے سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔



