قومی خبریں

میں بی جے پی کو ملک سے ختم کر کے ہی دم لوں گی‘‘، ممتا بنرجی

پیسوں کے زور پر بنگال میں مسلمانوں کو تقسیم کیا جا رہا ہے۔ یہ سب 2026 میں بی جے پی کو اقتدار میں لانے کی ایک منظم سازش ہے

کولکتہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کے کہ وہ پیسوں کے زور پر ریاست میں مسلمانوں کو تقسیم کرنے کی سازش کر رہی ہے۔ ایک عوامی پروگرام سے خطاب کے دوران ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ بی جے پی کو نہ صرف بنگال بلکہ پورے ملک سے سیاسی طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ “میں بی جے پی کو ملک سے ختم کر کے ہی دم لوں گی۔ اگر میں بنگال جیتتی ہوں تو دہلی بھی ان سے چھین لوں گی۔”

ریاست میں 2026 کے اسمبلی انتخابات کو لے کر سیاسی سرگرمیاں تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ اسی دوران ایس آئی آر (Special Intensive Revision) معاملہ مغربی بنگال کی سیاست کا سب سے بڑا تنازع بن چکا ہے۔ ممتا بنرجی مسلسل بی جے پی اور الیکشن کمیشن آف انڈیا پر ووٹر لسٹ میں مبینہ چھیڑ چھاڑ کے الزامات لگا رہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ کے مطابق اب تک 58 لاکھ ووٹرس کے نام ہٹائے جا چکے ہیں، لیکن بی جے پی مزید 1.5 کروڑ نام حذف کروانے کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن ہر دو دن میں نئی ہدایات جاری کر رہا ہے، جس سے عام ووٹرس شدید پریشانی کا شکار ہو رہے ہیں۔

ممتا بنرجی نے کہا کہ ایس آئی آر اور اس سے منسلک ایپ کے لیے کوئی واضح ایس او پی موجود نہیں، جس کی وجہ سے پورا عمل غیر شفاف بن گیا ہے۔ ان کے مطابق یہ اقدام نہ صرف غیر آئینی بلکہ جمہوری اقدار کے بھی خلاف ہے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ 43 سال قبل پیدائش کے سرٹیفکیٹ کا نظام کہاں تھا؟ 2002 میں بنگال میں کتنے ڈیلیوری ادارے تھے؟ اور گجرات سے مرکزی حکومت کے ملازمین بنگال میں ووٹ ڈالنے کیوں آ رہے ہیں؟ ممتا کے مطابق یہ سب جمہوریت کے بنیادی اصولوں کے خلاف ہے۔

وزیر اعلیٰ نے عوامی اسکیموں سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹانے پر بھی سخت اعتراض کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ گاندھی کا نام مٹاتے ہیں، وہ ملک سے محبت کا دعویٰ کیسے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حقیقی ووٹرس کی اب تک درست میپنگ نہیں کی گئی۔

ممتا بنرجی نے اعلان کیا کہ BLA-2 کو ہر بلاک اور اندرونی علاقوں میں بھیجا جائے گا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ کن ووٹرس کے نام فہرست سے خارج کیے گئے ہیں۔ ہر جگہ چھ رکنی ٹیم بنائی جائے گی جو اپنی رپورٹ ERO کو پیش کرے گی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ جن ووٹرس کے پاس مطلوبہ 11 دستاویزات موجود نہیں ہیں، انہیں مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ فراہم کیا جائے گا۔ ساتھ ہی BLA-1 اور BLA-2 کو پارٹی سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی نے مغربی بنگال کی ووٹر لسٹ میں 1:10 کے تناسب سے غیر بنگالی افراد کے نام شامل کیے ہیں۔ ان کے مطابق ایک بنگالی ووٹر کے مقابلے میں دس غیر بنگالی ووٹرس شامل کیے گئے ہیں، جو ریاست کی سیاسی شناخت کے لیے خطرناک ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button