بین الاقوامی خبریںسرورق

مسجد الحرام میں خودکشی کی کوشش، سیکیورٹی فورس کی بروقت کارروائی نے جان بچا لی

مسجد الحرام میں زندگی کی فتح: خودکشی کی کوشش ناکام، سیکیورٹی اہلکار زخمی

جدہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مکہ مکرمہ کی مقدس ترین عبادت گاہ مسجد الحرام میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے بالائی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کی کوشش کی، تاہم حرم کی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اس کی جان بچا لی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص مسجد الحرام کی بالائی منزل کے کنارے کھڑا تھا اور نیچے کودنے کے قریب تھا۔ اسی دوران ایک سیکیورٹی اہلکار نے غیر معمولی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے بچانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں اہلکار خود زخمی ہو گیا۔

مکہ ریجن کے امارت کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں کہا گیا کہ گرینڈ مسجد کی سیکیورٹی کے لیے تعینات اسپیشل فورس نے فوری ردعمل ظاہر کیا۔ بیان کے مطابق زخمی سیکیورٹی اہلکار کو فریکچر آیا ہے، جبکہ واقعے سے متعلق تمام قانونی کارروائیاں ضابطے کے مطابق مکمل کر لی گئی ہیں۔

حرم سیکیورٹی فورسز نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ خودکشی کی کوشش کے دوران سیکیورٹی اہلکار نے شخص کو زمین پر گرنے سے روکنے کی کوشش کی، جس میں وہ زخمی ہو گیا۔ دونوں افراد کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی فورس نے تیزی سے صورتحال پر قابو پایا اور حرم میں موجود زائرین کی حفاظت کو یقینی بنایا۔وہیں سعودی جنرل ڈائریکٹوریٹ آف پبلک سیکیورٹی نے بھی واقعے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی ٹیموں نے فوری طور پر کارروائی کر کے حالات کو کنٹرول میں لیا۔

واقعے کے بعد مسجد الحرام کے امامِ اعظم عبدالرحمن السدیس نے اپنے خطاب میں زائرین سے اپیل کی کہ وہ مسجد الحرام کے تقدس کا خیال رکھیں، اس کے قواعد پر عمل کریں اور عبادت پر توجہ مرکوز رکھیں۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی جان کا تحفظ اسلام کی بنیادی تعلیمات میں شامل ہے، اور قرآن کریم کی اس آیت کا حوالہ دیا:” اپنے آپ کو اپنے ہاتھوں ہلاکت میں مت ڈالو۔”

متعلقہ خبریں

Back to top button