قومی خبریں

آپریشن سندور کے دوران فوجیوں کی خدمت، 10 سالہ شراون سنگھ کو راشٹریہ بال پرسکار

آپریشن سندور: 10 سالہ شراون سنگھ کی خدمات کو قومی سطح پر سراہا گیا

لدھیانہ :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)پنجاب کے سرحدی ضلع فیروزپور کے ایک چھوٹے سے گاؤں چک ترن والی سے تعلق رکھنے والے 10 سالہ بچے شراون سنگھ نے وہ کام کر دکھایا جو بڑے بڑے لوگ مشکل حالات میں کرنے سے گھبرا جاتے ہیں۔

آپریشن سندور کے دوران، جب پاکستان کے ساتھ کشیدگی کے سبب سرحدی علاقوں میں خطرات منڈلا رہے تھے، شراون سنگھ روزانہ بھارتی فوجیوں کے لیے دودھ، چائے، لسی، پانی اور برف لے کر سرحدی چوکیوں تک پہنچتا رہا۔

اس غیر معمولی بہادری اور جذبۂ خدمت کے اعتراف میں آج شراون سنگھ کو صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے ہاتھوں راشٹریہ بال پرسکار سے نوازا گیا۔شراون سنگھ نے اس موقع پر کہا:”جب آپریشن سندور شروع ہوا اور فوجی ہمارے گاؤں میں آئے تو میں نے سوچا کہ مجھے ان کی خدمت کرنی چاہیے۔ میں روز ان کے لیے دودھ، چائے اور لسی لے کر جاتا تھا۔”

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان راگھو چڈھا نے شراون کی تعریف کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ”شراون سنگھ کی خدمت یہ ثابت کرتی ہے کہ حب الوطنی عمر سے نہیں، عمل سے ظاہر ہوتی ہے۔ وہ وہاں ڈٹا رہا جہاں کئی بالغ افراد بھی ہچکچاتے۔”

واضح رہے کہ آپریشن سندور مئی میں اس وقت شروع کیا گیا تھا، جب جموں و کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں 26 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ یہ کارروائی بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جوابی فوجی اقدام تھی۔

راشٹریہ بال پرسکار حکومتِ ہند کی جانب سے ہر سال بچوں کو بہادری، سماجی خدمت، سائنس و ٹیکنالوجی، کھیل، ماحولیات اور ثقافت جیسے شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی پر دیا جاتا ہے۔

اسی موقع پر ویر بال دیوس کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ تقریباً 320 سال قبل دسویں سکھ گرو گرو گوبند سنگھ جی اور ان کے چار صاحبزادوں نے سچ اور انصاف کے لیے عظیم قربانیاں دیں، جو آج بھی پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button