دلچسپ خبریںسرورق

چیٹ جی پی ٹی بطور فٹنس کوچ: ٹیک ایکسپرٹ نے 12 ہفتوں میں 27 کلو وزن کم کر لیا

"درست پرامپٹس، روزانہ کی ڈسپلن اور تسلسل نے چیٹ جی پی ٹی کو میرا بہترین فٹنس کوچ بنا دیا۔"

لندن :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)مصنوعی ذہانت اب صرف ٹیکنالوجی یا دفتری امور تک محدود نہیں رہی بلکہ ذاتی صحت اور طرزِ زندگی میں بھی نمایاں کردار ادا کرنے لگی ہے۔ حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک ایسی مثال سامنے آئی ہے جس نے فٹنس اور صحت کے روایتی تصورات کو چیلنج کر دیا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر حسن نامی ٹیک ایکسپرٹ نے اپنی فٹنس ٹرانسفارمیشن شیئر کی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے صرف چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے 12 ہفتوں میں 27 کلوگرام وزن کم کیا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس پورے عرصے میں نہ انہوں نے جم جوائن کیا، نہ کسی مہنگے ڈائٹ پلان پر عمل کیا اور نہ ہی کسی ذاتی فٹنس ٹرینر کی خدمات حاصل کیں۔

حسن کے مطابق انہوں نے چیٹ جی پی ٹی کو بطور ذاتی فٹنس کوچ استعمال کیا اور روزانہ باقاعدہ اور واضح پرامپٹس دے کر رہنمائی حاصل کی۔ ان کا کہنا ہے کہ مصنوعی ذہانت سے ملنے والی ہدایات نے انہیں نظم و ضبط، مستقل مزاجی اور ایک منظم روٹین بنانے میں بنیادی کردار ادا کیا، جو وزن کم کرنے میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔

انہوں نے بتایا کہ وزن کم کرنے کے اس سفر میں انہوں نے مجموعی طور پر سات بنیادی پرامپٹس استعمال کیے۔ ان میں جسمانی تجزیہ اور اہداف کا تعین، ہفتہ وار کھانے کا منصوبہ، گھر پر کی جانے والی آسان ورزشیں، کھانے پر قابو پانے کی رہنمائی، عادتوں کو ٹریک کرنے کا نظام، مثبت ذہن سازی اور ہفتہ وار جائزہ شامل تھا۔

حسن کا کہنا ہے کہ ان پرامپٹس کے ذریعے انہیں نہ صرف خوراک اور ورزش کو بہتر بنانے میں مدد ملی بلکہ ذہنی مضبوطی اور تسلسل بھی برقرار رہا، جو عموماً وزن کم کرنے کے دوران سب سے بڑا چیلنج ہوتا ہے۔ انہوں نے اپنی کامیابی کو دوسروں کے لیے مشعلِ راہ بنانے کے لیے وہ تمام پرامپٹس بھی عوام کے ساتھ شیئر کر دیے جو انہوں نے اس دوران استعمال کیے۔

ماہرین صحت کے مطابق یہ مثال اس بات کی عکاس ہے کہ اگر درست رہنمائی، روزانہ کی مستقل مزاجی اور مصنوعی ذہانت کا سمجھدار استعمال کیا جائے تو وزن کم کرنے کا عمل نسبتاً آسان اور کم دباؤ والا بن سکتا ہے، حتیٰ کہ بغیر جم اور سخت ڈائٹ کے بھی مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button