سرورققومی خبریں

گرمیت رام رحیم کو ایک بار پھر 40 دن کی پیرول، 15ویں مرتبہ جیل سے رہائی

سزا سنائے جانے کے بعد یہ 15واں موقع ہے جب رام رحیم کو پیرول دی گئی

نئی دہلی 5/جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سادھویوں کے جنسی استحصال اور صحافی کے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کو ایک بار پھر 40 دن کی پیرول پر جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔ وہ دوپہر کے وقت روہتک کی سناریا جیل سے نکلے اور سخت سیکیورٹی میں اپنے قافلے کے ساتھ سرسا میں واقع ڈیرہ کے لیے روانہ ہوئے۔

سزا سنائے جانے کے بعد یہ 15واں موقع ہے جب رام رحیم کو پیرول دی گئی ہے۔ روہتک کے ڈویژنل کمشنر نے ہفتہ کے روز پیرول کی منظوری دی، جو 2026 میں ان کی پہلی رہائی ہے۔ یہ پیرول ڈیرہ سچا سودا کے دوسرے گرو شاہ ستنم کے یومِ پیدائش کے موقع پر دی گئی ہے۔

پیر کی صبح تقریباً ساڑھے گیارہ بجے پیرول ملنے کے بعد رام رحیم سفید رنگ کی لگژری گاڑیوں کے قافلے میں سرسا روانہ ہوئے۔ استقبال کے لیے ڈیرہ سے خصوصی گاڑیوں کا قافلہ پہنچا، جس میں بلٹ پروف گاڑیاں اور دیگر لگژری گاڑیاں شامل تھیں۔ اس بار وہ اتر پردیش کے برناوا آشرم میں قیام نہیں کریں گے بلکہ سرسا میں واقع ڈیرہ میں ہی رہیں گے۔ سیکیورٹی کے پیش نظر ڈیرہ کے اطراف پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ آخری مرتبہ اگست 2025 میں رام رحیم 40 دن کی پیرول پر جیل سے باہر آئے تھے اور اسی دوران سرسا ڈیرہ میں مقیم رہے تھے۔ اس بار بھی 40 دن کی پیرول سرسا ڈیرہ میں ہی گزاری جائے گی۔ پیرول کی مدت کے دوران 25 جنوری کو شاہ ستنام جی مہاراج کی سالگرہ منائی جائے گی، جس کے موقع پر ڈیرہ سچا سودا کی جانب سے خصوصی پروگرام منعقد کیا جاتا ہے۔ رام رحیم کی آمد سے پہلے ہی ڈیرہ میں تیاریاں شروع ہو چکی ہیں اور پیروکاروں میں خوشی کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔

رام رحیم کی جیل سے 15ویں مرتبہ رہائی نے ایک بار پھر ہریانہ کی پیرول پالیسی کو بحث کے مرکز میں لا کھڑا کیا ہے۔ صحافی رام چندر چھترپتی کے بیٹے انشول چھترپتی کا کہنا ہے کہ رام رحیم کوئی عام قیدی نہیں بلکہ سنگین جرائم میں سزا یافتہ سخت مجرم ہے، ایسے میں اسے بار بار ریلیف دینا انصاف کی روح کے منافی ہے۔

دوسری جانب ہریانہ حکومت نے پنجاب و ہریانہ ہائی کورٹ میں داخل حلف نامے میں رام رحیم کو سخت مجرم ماننے سے انکار کیا ہے۔ حکومت کے مطابق جیل ریکارڈ کے لحاظ سے اس کا رویہ تسلی بخش رہا ہے اور قواعد کے مطابق اسے اچھے اخلاق کا قیدی تصور کرتے ہوئے پیرول دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button