بین الاقوامی خبریںسرورق

تھائی لینڈ کے شہر پٹایا میں ٹرانس خواتین اور بھارتی شہری کے درمیان جھگڑا، ادائیگی کے تنازع پر تشدد کی ویڈیو وائرل

ٹرانس خواتین نے الزام لگایا ہے کہ بھارتی شہری نے پہلے طے شدہ رقم ادا نہیں کی۔

تھائی لینڈ/پٹایا:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) تھائی لینڈ میں ایک ٹرانس خواتین کی جانب سے بھارتی شہری پر مبینہ تشدد کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر لی ہے۔ یہ واقعہ پٹایا میں پیش آیا، جو تھائی لینڈ کا معروف سیاحتی شہر ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو کے بارے میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ 27 دسمبر کی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین ٹرانس خواتین ایک 52 سالہ بھارتی شہری سے رقم کا مطالبہ کر رہی ہیں۔ الزام ہے کہ متعلقہ شخص نے جنسی خدمات حاصل کرنے کے بعد ادائیگی کیے بغیر وہاں سے جانے کی کوشش کی، جس پر تلخ کلامی شروع ہو گئی۔

عینی شاہدین کے مطابق جب مذکورہ شخص رقم دینے سے انکار کرتے ہوئے اپنی گاڑی میں بیٹھ کر روانہ ہونے لگا تو معاملہ مزید بگڑ گیا۔ مقامی افراد کی مدد سے اسے گاڑی سے باہر نکالا گیا، جس کے بعد اس پر ہاتھا پائی کی گئی۔ کچھ دیر بعد پولیس موقع پر پہنچی اور فریقین کو الگ کر دیا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ٹرانس خواتین نے الزام لگایا ہے کہ بھارتی شہری نے پہلے طے شدہ رقم ادا نہیں کی۔ ایک مقامی نوجوان کے مطابق یہ جھگڑا واکنگ اسٹریٹ کے علاقے میں شروع ہوا، جہاں پہلے بحث ہوئی اور پھر بات جسمانی تشدد تک جا پہنچی۔ اس کے مطابق لڑائی کی اصل وجہ متفقہ رقم ادا نہ کرنا تھی۔

واضح رہے کہ پٹایا بھارتی سیاحوں میں بے حد مقبول شہر ہے، جہاں ہر سال بڑی تعداد میں ہندوستانی سیاح آتے ہیں۔ تاہم ماضی میں بھی اس نوعیت کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔ ستمبر میں ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک ٹرانس خاتون نے ایک شخص پر نامناسب رویے کا الزام لگایا تھا، جبکہ اکتوبر میں دو بھارتی شہریوں پر تین ٹرانس خواتین سے تشدد اور رقم چھیننے کا الزام سامنے آیا تھا۔

یہ واقعہ ایک بار پھر غیر ملکی سیاحوں کے رویے، مقامی قوانین اور حساس حالات میں احتیاط کی ضرورت کو اجاگر کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button